وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم

نگران وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم سے یونیسف کے وفد کی ملاقات

لاہور (لاہورنامہ)نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم سے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں یونیسف کے وفد نے ملاقات کی۔

وفد میں چیف نیوٹریشن یونیسف اسلام آباد ڈاکٹر انٹینا گرما، چیف آف فیلڈ آفس یونیسف پنجاب مسٹر ولبروڈ اور آفیسر انچارج نیوٹریشن سیکشن یونیسف پنجاب ڈاکٹر عظمیٰ بخاری شامل تھیں۔

اس موقع پر سپیشل سیکرٹری آپریشنز محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن راجہ منصور احمد، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر حافظ شاہد لطیف، پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار ظفر الفرید، پرنسپل سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر زوہرہ خانم، پروفیسر ڈاکٹر طیبہ بٹ، یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز سے پروفیسر ڈاکٹر جائیدہ منظور، پروفیسر فہیم و دیگر افسران نے شرکت کی۔

نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم اور یونیسف کے وفد کے درمیان بریسٹ فیڈنگ اور ماں و بچہ کی صحت کو یقینی بنانے کیلئے مختلف اقدامات پر تبادلہ خیال ہوا۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ پاکستان سمیت دنیا کے پانچ ممالک میں خدمت انسانیت کا موقع ملا ہے۔

صوبہ بھر میں تھیلیسیمیاء کی بیماری پر قابو پانے کیلئے نویں جماعت کے ہر طالب علم کو امتحان دینے سے پہلے سکریننگ کیلئے پابند کیا جائے گا۔ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ ایک بچے کی صحت کیلئے ماں کے دودھ کی بڑی اہمیت ہے۔

اللہ پاک نے بچے کیلئے ماں کے دودھ میں بڑی طاقت رکھی ہے۔حکومت پنجاب صوبہ بھر میں ماں اور بچہ کی صحت کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔نگران صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ پاکستان میں غذائی قلت کا شکار بچوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔

یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز کو بنانے کا بنیادی مقصد ہی بچوں کو خطرناک بیماریوں سے بچانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بریسٹ فیڈنگ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے معاشرے میں آگاہی پھیلانا ضروری ہے۔صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے حکومت پنجاب سے تعاون کرنے پر یونیسف کے وفدکا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پرنگران صوبائی وزیر صحت نے یونیسف کے وفد کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار ظفر الفرید نے کہاکہ کسی بھی ملک کی ترقی کی راہ میں آبادی کا بے جا اضافہ سب سے بڑی رکاوٹ ہوتی ہے۔ خاندانی منصوبہ بندی ہی صحت کی بہتر سہولیات کی ضامن ہے۔

پرنسپل سمز پروفیسر ڈاکٹر زوہرہ خانم نے کہاکہ بریسٹ فیڈنگ کیلئے بچیوں کی کونسلنگ کرنی ہو گی۔ پروفیسر ڈاکٹر جائیدہ منظور نے کہاکہ ہمیں صحت مند زندگی گزارنے کیلئے صحت مند لائف سٹائل اپنانا ہوگا۔ چیف نیوٹریشن یونیسف اسلام آباد ڈاکٹر انٹینا گرما نے کہاکہ یونیسف بچوں کی صحت کو یقینی بنانے کیلئے حکومت پنجاب کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔

ڈاکٹر انٹینا گرما نے پنجاب کی عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے پر نگران وزیر اعلیٰ سید محسن نقوی اور وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کی کاوشوں کو سراہا۔