بریسٹ فیڈنگ

بریسٹ فیڈنگ آگاہی مہم قومی سطح پر چلائی جانی چاہئے، ڈاکٹر جاوید اکرم

لاہور (لاہورنامہ)نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز میں ورلڈ بریسٹ فیڈنگ ویک کے سلسلہ میں منعقدہ سیمینار میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر مسعود صادق، پروفیسر ساجد مقبول، ایم ڈی پروفیسر ڈاکٹر ٹیپو سلطان، ڈاکٹر خلیل احمد، پروفیسر منیر اختر سلیمی، پروفیسر جنید رشید، پروفیسر ہما ارشد چیمہ، پروفیسر شازیہ مقبول، پروفیسر روبینہ سہیل، پروفیسر جائیدہ منظوراور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔

سیمینار میں چیف آف نیوٹریشن یونیسف پاکستان ڈاکٹر انٹینا منہاس گرما، چیف فیلڈ آفیسر یونیسف پنجاب ڈاکٹر ولبروڈ اور ڈاکٹر عظمی خرم بخاری نے شرکت کی۔وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر مسعود صادق نے بریسٹ فیڈنگ ویک کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ ہمارے پاس محدود وسائل ہونے کی وجہ سے ضائع نہیں ہونے چاہئیں۔ ہر ادارے میں خواتین کی سہولت کیلئے ڈے کئیر سنٹرز قائم ہونے چاہئیں۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز بریسٹ فیڈنگ کے حوالے سے یونیسف کے ساتھ ایک طویل بیٹھک کی گئی ۔

نگران صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ پنجاب میں ماں اور بچہ کی صحت کو یقینی بنانے کیلئے بنیادی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ بریسٹ فیڈنگ کے حوالے سے قومی سطح پر آگاہی مہم چلائی جانی چاہئے۔ کابینہ کو بریسٹ فیڈنگ کے حوالے سے قانون سازی کیلئے قائل کریں گے۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ اللہ پاک نے ماں کے دودھ میں بڑی غذائیت اور طاقت رکھی ہے۔

نوزائیدہ بچے کو پیدائش کے فوراً بعد ماں کا دودھ شروع کروا دینا چاہئے۔ نگران صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ بچے کو چھ ماہ کی عمر تک صرف اور صرف ماں کا دودھ پلائیں۔ بچے کی اچھی نشوونما کیلئے ماں کے دودھ کو بنیادی حیثیت حاصل ہے۔

نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے سیمینار کے انعقاد پر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز اور مختلف سٹیک ہولڈرز کو مبارکباد دی۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے اس موقع پر وائس چانسلر و دیگر مہمانوں میں یادگاری شیلڈز بھی تقسیم کیں۔وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر مسعود صادق نے سیمینار میں شرکت اور رہنمائی کرنے پر نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کا شکریہ ادا کیا۔