جی ٹوئنٹی اجلاس

جی ٹوئنٹی اجلاس کا متفقہ اعلامیہ جاری نہ ہو نے پر افسوس ہے، چین

بیجنگ (لاہورنامہ)چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ جی 20 کے وزرائے ماحولیات اور آب و ہوا کے مشترکہ اجلاس نے ایک متفقہ دستاویز اور چیئرمین کی سمری تشکیل دی، جس کے مثبت اور متوازن نتائج برآمد ہوئے۔

تاہم بعض ممالک کی جانب سے بغیر کسی وجہ کے متعارف کرائے گئے جیو پولیٹیکل معاملات کی وجہ سے اجلاس متفقہ اعلامیہ تشکیل دینے میں ناکام رہا، جس پر چین افسوس کا اظہار کرتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ چین سمجھتا ہے کہ بین الاقوامی اقتصادی تعاون کے مرکزی فورم کی حیثیت سے ، جی 20 پر پائیدار عالمی ترقی کو فروغ دینے، اقتصادی ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کو مربوط کرنے اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے حوالے سے اہم ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

موسمیاتی تبدیلی سے متعلق اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن اور اس کے پیرس معاہدے میں طے شدہ اہداف، اصولوں اور فریم ورک کے مکمل احترام اور ان کی پاسداری کی بنیاد پر، جی 20 کو موسمیاتی تبدیلی کے مذاکرات کے لئے ایک محرک قوت فراہم کرنی چاہئےتاکہ آب و ہوا کی تبدیلی سے نمٹنے میں شمال اور جنوب کے درمیان کوئی نیا فرق پیدا نہ ہو، اور عالمی سطح پر سبز اور کم کاربن تبدیلی حاصل کی جا سکے.

ترجمان کا کہنا ہےکہ چین ترقی یافتہ ممالک پر زور دیتا ہے کہ وہ موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے اپنی صلاحیت، فرائض اور ذمہ داریوں کو صحیح معنوں میں سمجھتے ہوئے کاربن اخراج میں مزید کمی کریں اور اپنے وعدوں کو جلد از جلد پورا کرتے ہوئے ترقی پذیر ممالک کو مالی تعاون اور ٹیکنالوجی فراہم کریں۔