نگراں وزیراعظم کا نام

نگراں وزیراعظم کا نام پہلے سے طے شدہ ہے، شیخ رشید

لاہور (لاہورنامہ) سابق وزیرداخلہ و عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کہا ہے کہ یہ سب ٹوپی ڈرامہ کر رہے ہیں، نگراں وزیراعظم کا نام پہلے سے طے شدہ ہے.

نواز شریف کی واپسی کی تاریخیں دینے والوں کی خواہشوں پر پانی پھر گیا ،جو سلوک عوام سے روا رکھا گیا اس کا انتقام لینے کا وقت آ گیا ، انہیں الیکشن میں اپنی حیثیت کا اندازہ ہو جائے گا ۔

انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس ( ٹوئٹر ) پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ یہ کمپنی کی مشہوری کے لئے جتنے مرضی دن لگالیں، پاکستان کی سیاسی زندگی کے سیاہ ترین 16مہینے تھے جو انہوں نے لگائے ، غریب کو زندہ مار دیا ہے، آٹا ، گھی، چینی ،بجلی کا بل، بچوں کی فیس اور گھر کا کرایہ تک وہ دینے کے قابل نہیں رہا .

شہروں میں لوٹ مار شروع ہوچکی ہے اور خانہ جنگی کا ماحول ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا اہم فیصلہ آیا ہے اور جو یہ نئی تاریخ دیتے تھے کہ نواز شریف کل آ رہا ہے ، پرسوں آ رہا ہے ان کی خواہشوں پر پانی پھر گیا ہے ، 90دن میں الیکشن کروانے ہونگے اور جو سلوک انہوں نے عوام سے روا رکھا ہے اس کا انتقام لینے کا وقت آ گیا ہے ۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ آج 13اگست رات انشااللہ11بجے میں لال حویلی کے باہرقوم سے خطاب کروں گا۔انہوں نے مزید کہا کہ میرے گھر کے نزدیک ، میرے رشتے داروں اور ملازموں کو اٹھا کر لے گئے ہیں اور ان کو لاپتہ کر دیا ہے، یہ پاکستان کی سیاسی تاریخ کا سیاہ ترین دور ہے اور جسے انتقامی سیاست کا عروج سمجھاجائے گا .

لیکن بالاآخر یہ شکست کھائیں گئے اور عوام ووٹ کے ذریعے ان کو شکست فاش دیں گے ۔شیخ رشید نے گزشتہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی طور پرانہوں نے اقتصادی معاشی اورمالیاتی عوام کا جنازہ نکال دیا ہے.

قوم کی معیشت تباہ کر دی ہے لیکن اپنا بھی ستیا ناس کر دیا ہے، یہ لوگ عوام میں جانے اور منہ دکھانے کے قابل نہیں ہیں اور الیکشن کے دن انکو اپنی سیاسی حیثیت کا اندازہ ہوجائے گا۔