محسن نقوی

نوجوان پاکستان کی طاقت، ملکی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں،محسن نقوی

لاہور (لاہورنامہ)نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کی سب سے بڑی طاقت ہیں اور یہ ملکی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

نوجوانوں کے عالمی دن پر پیغام جاری کرتے ہوئے نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ نوجوان ہمارے معاشرے کا روشن مستقبل اور کل کے رہنما ہیں، نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے وسائل کی فراہمی تابناک مستقبل کے لئے سود مند سرمایہ کاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے ایسے ماحول کو پروان چڑھانا ہے جہاں وہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے بل بوتے پر ملکی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکیں، حکومت پنجاب نوجوانوں کو سکلڈ تعلیم و تربیت، روزگار اور وظائف سمیت مختلف مواقع فراہم کر رہی ہے۔

نگران وزیراعلی پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، کسی بھی ملک کی ترقی میں نوجوان کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، پاکستانی نوجوانوں نے زندگی کے ہرشعبے میں اپنی خداداد صلاحیتوں سے ملک کا نام روشن کیا ہے۔