وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی ملاقات

وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی ملاقات ،انوار الحق کاکڑ بطور نگران وزیراعظم تقرر

اسلام آباد (لاہورنامہ) وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے انوار الحق کاکڑ کے نام پر بطور نگران وزیراعظم پر اتفاق کیا ہے ،وزیرِ اعظم اور قائد حزب اختلاف نے مشترکہ طور پر دستخط کرکے ایڈوائس صدر پاکستان کو بھجوا دی۔

وزیراعظم آفس میڈیا سیل سے جاری اعلامیہ کے مطابق قائد حزب اختلاف راجہ ریاض وزیرِ اعظم ہاؤس پہنچے اور وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں نگران وزیرِ اعظم کی تقرری پر حتمی مشاورتی عمل خوش اسلوبی سے مکمل ہوگیا اور دونوں رہنمائو ں کے درمیان انوار الحق کاکڑ کے نام پر بطور نگران وزیرِ اعظم پراتفاق ہوا ہے ۔

وزیرِ اعظم اور قائد حزب اختلاف نے مشترکہ طور پر دستخط کرکے ایڈوائس صدر پاکستان کو بھجوا دی۔وزیر اعظم نے قائد حزب اختلاف کا مشاورتی عمل میں تعاون اور ان 16 ماہ میں بطور بہترین حزب اختلاف کی قیادت پر شکریہ ادا کیا ۔

وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے راجا ریاض نے کہا کہ پہلے ہم متفق ہوئے کہ جو بھی وزیراعظم ہو، وہ چھوٹے صوبے سے ہو تاکہ چھوٹے صوبے کو جو محرومی ہے، وہ دور ہو اور ایسا نام ہو، جو غیرمتنازع ہو، کسی سیاسی جماعت سے نہ ہو۔

انہوں نے کہاکہ ہمارا اتفاق انوار الحق کاکڑ کے نام پر اتفاق ہوا ہے، انوار الحق کاکڑ وزیراعظم ہوں گے۔ان سے سوال پوچھا گیا کہ سینیٹر انوار الحق کاکڑ کا تعلق بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) سے ہے ، کیا ان پر وزیراعظم کی طرف سے اتفاق کیا گیا ہے جس پر راجا ریاض نے کہا کہ فیصلہ یہ ہوا ہے کہ باقی پانچ نام ہم کسی کو نہیں بتائیں گے تاہم یہ نام میں نے دیا تھا، اس کی بنیادی یہ ہے کہ ان کا تعلق چھوٹے صوبے بلوچستان سے ہے۔

راجا ریاض نے بتایا کہ سینیٹر انوار الحق کاکڑ کے نام پر میں نے وزیراعظم صاحب نے دستخط کر دیے ہیں، امید ہے کہ وہ (آج) اتوار تک حلف اٹھا لیں گے۔نگران کابینہ کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوںنے کہاکہ یہ نگران وزیراعظم کا اختیار ہوگا، اس حوالے سے ہماری کوئی مشاورت نہیں ہوئی، میں نے اپنی طرف سے کوشش کی ہے کہ چھوٹے صوبے کا ایسا آدمی جو متنازع نہ ہو، اس کا نام پیش کیا تھا، اس پر وزیراعظم شہباز شریف نے اتفاق کر لیا ہے۔

خیال رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیرِ اعظم اور قائدِ حزبِ اختلاف کو 12 اگست تک نگران وزیرِ اعظم کا نام دینے کے لیے خط لکھ دیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ آئین کے تحت وزیر اعظم اور قائد حزب اختلاف کو قومی اسمبلی کی تحلیل کے 3 دن کے اندر نگران وزیرِ اعظم کا نام تجویز کرنا ہوتا ہے جس پر شہباز شریف نے ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ صدر صاحب آئین کی کتاب پڑھ لیں، آئین میں آٹھ دن کا وقت مقرر ہے تو صدر صاحب کو خط لکھنے کی پتا نہیں کیوں جلدی تھی۔

یاد رہے کہ انوار الحق کاکڑ بلوچستان سے 2018 میں سینیٹر منتخب ہوئے اور ان کا تعلق بلوچستان عوامی پارٹی سے ہے۔انوار الحق کاکڑ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی سمندر پار پاکستانی کے چیئرمین بھی ہیں۔