اسلام آبا د(لاہورنامہ)صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے بیماریوں کے تدارک کے لئے عوام میں بھرپور آگاہی مہم اور نوجوانوں کو ابتدائی طبی امداد کی تربیت دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بیماریوں سے بچائو کے لئے احتیاطی تدابیر ضروری ہیں، اقوام کی ترقی کے لئے تعلیم اور صحت بنیادی ستون ہیں۔
وہ بدھ کو یہاں میڈ ہیلتھ ایکسپو اور سمٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے جس کا اہتمام راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی) نے کیا تھا۔ صدر مملکت نے کہا کہ بیماریوں سے بروقت بچائو کے ذریعے شعبہ صحت پر بوجھ کم کیا جا سکتا ہے.
ابتدائی طبی امداد کی تربیت سمیت جدید ٹولز اور ٹیکنالوجی اپنا کر بیماریوں سے ہونے والی اموات کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ صدر مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ طبی شعبہ سے وابستہ افراد اخلاقیات اور اِنسانی اقدار کو مدنظر رکھیں، غذائیت کی کمی اور ذہنی و جسمانی کمزوری پر قابو پانے کیلئے بھی اقدامات ناگزیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی)سے میڈیکل سائنس میں بے پناہ تبدیلیاں آ رہی ہیں، جدید ٹولز اور ٹیکنالوجی کو اپنانے کے ساتھ ساتھ رویوں میں تبدیلی کے علاوہ رسیرچ اور ڈویلپمنٹ پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ آئی ٹی اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے بیماریوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
صدر نے شعبہ صحت کی بہتری کے لئے ڈیٹا مرتب کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ لوگوں تک ٹیکنالوجی کے ذریعے رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کے دوران لوگوں نے ہمدردی سے کام لیا، کورونا کی وباء کے دوران پاکستان نے مثالی کام کیا۔
ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ پاکستان کے لئے افریقی مارکیٹ میں بہت مواقع ہیں، اے آئی اور ٹیکنالوجی میں ہماری اپروچ مناسب نہیں ہے، فیصلہ سازی کی غلطیاں اور کرپشن جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ عالمی حدت کا مقابلہ کرنے کے لئے نہ صرف حکومتی بلکہ انفرادی سطح پر بھی کوششوں کی ضرورت ہے، صحت کے معاملہ میں احتیاط بہترین چیز ہے، کیوبا نے صحت کی سہولیات کے معاملہ میں بہت ترقی کی ہے، پاکستان کے نظام میں بہت کمزوریاں ہیں۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ملک کی آبادی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، اس کے لئے اقدامات کی ضرورت ہے، فارما انڈسڑی کو ملک کی بڑھتی آبادی میں اضافہ کو روکنے کے لئے خاندانی منصوبہ بندی کی مصنوعات کو تیار کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ شعبہ صحت کی بہتری کے لئے چیمبر بہترین کام کررہا ہے، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)، ہلال احمر، گرل گائیڈز اور بوائے سکائوٹس کو تعلیمی اداروں میں طلباء اور طالبات کو ابتدائی طبی امداد کی تربیت کا اہتمام کرنا چاہئے۔