لاہور (لاہورنامہ) کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کی زیرصدارت 6 ستمبر یوم دفاع کی تقریبات کے انعقاد وانتظامات بارے اجلاس منعقد ہوا۔ کمشنر لاہور کی زیر صدارت اجلاس میں اردو بازار میں کتاب گھر کے حوالے سے ورکنگ تیار کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔
کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے کہا کہ یوم دفاع کی تقریبات کو پورے جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔ ملی ترانے، قومی نغمے و پرفارمنسز کے ساتھ بہترین ایونٹس منعقد کیے جائیں گے۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ طلبہ و طالبات اور سکاو ¿ٹس بھی بہترین انداز میں پرفارمنس کا انعقاد کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ 1965 کی جنگ کے شہداءکو زبردست انداز میں خراج تحسین بھی پیش کیا جائے گا۔ 6 ستمبر کی تقریبات میں شہداءو غازیوں کی فیملیز کو بھی مدعو کیا جائے گا۔ کمشنر لاہور نے تمام محکموں سے یوم دفاع کی تقریبات کا پلان طلب کر لیا۔
اجلاس میں ڈی جی پی ایچ اے طاہر وٹو، وائس پریزیڈنٹ بینک آف پنجاب ، سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین، سی ای او ایم سی ایل علی عباس بخاری، سی ای او ایجوکیشن، آرٹس کونسل و دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔