بلائنڈ ویمن کرکٹ کی پہلےانٹرنیشنل میچ میں نیپال کی پاکستان کو دس وکٹوں سے شکست

 بلائنڈ ویمن کرکٹ کی تاریخ کے پہلےانٹرنیشنل میچ میں نیپال نے پاکستان کو دس وکٹوں سے شکست دے دی، بلائنڈ ویمن کھلاڑیوں اورپی بی سی سی کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے میچ کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کیا۔

کینیئرڈ کالج یونیورسٹی گراؤنڈ میں پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان بلائنڈ ویمن ٹیم محض 53 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، پاکستان کی آٹھ کھلاڑی رن آؤٹ ہوئیں۔ جواب میں نیپال نے54 رنزکا مطلوبہ ہدف 5 اوورز میں بغیرکسی نقصان کے پورا کرلیا، اوپنربنیتا نے28 جبکہ منکیسری نے19 رنز سکورکیے۔ نیپال کی اوپنربنیتا کوویمن آف دی میچ قراردیا گیا، میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کی کپتان رابعہ شہزادی کا کہنا تھا کہ تاریخ کا حصہ بننے پر خوش ہیں، دوسرے میچ میں اپنی خامیوں پرقابو پانے کی کوشش کریں گی۔

نیپالی کھلاڑی گیتا کا کہنا تھا کہ پہلی ویمن کرکٹ سیریزکا حصہ بننے پرخوش ہیں، پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کےچیئرمین سید سلطان شاہ کا کہنا تھا کہ آج ایک تاریخ ساز دن ہے، آنے والے دنوں میں ویمن بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی کارکردگی مزید بہترہوگی۔ پانچ میچوں کی سیریزکا دوسرا اورتیسرا میچفیصل آباد جبکہ آخری دومیچزاسلام آباد میں کھیلے جائیں گے۔