عمدہ کارکردگی

عمر اکمل نے اپنی عمدہ کارکردگی کا کریڈٹ کسے دیدیا؟ جان کر مکی آرتھر بھی حیران رہ جائیں

ابوظہبی :قومی کرکٹر عمر اکمل نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن فور میں اپنی عمدہ کارکردگی کا کریڈٹ کپتان اور کوچنگ سٹاف کو دیتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی اور اچھی کارکردگی دکھانے کی بھرپور کوشش کروں گا۔

تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عمر اکمل نے کہا کہ پی ایس ایل میں اب تک جو کارکردگی دکھائی ہے وہ کچھ بھی نہیں اور اس سے بھی اچھی کارکردگی دکھانے کی بھرپور کوشش کروں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ میری عمدہ کارکردگی کا کریڈٹ، ٹیم مینجمنٹ، کوچنگ سٹاف اور کپتان کے علاوہ ان سینئر کھلاڑیوں کو بھی جاتا ہے جو قومی ٹیم کیلئے کھیل چکے ہیں یا کھیل رہے ہیں کیونکہ وہ جس طرح کا اعتماد مجھے دے رہے ہیں، اس پر میں جتنا شکریہ ادا کروں وہ کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل پاکستان کی سب سے بڑی لیگ ہے اور اس میں سیریز کا بہترین بلے باز بھی کوئی پاکستانی ہی بنے تو خوشی ہوگی۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اوپر یا نیچے کے نمبروں پر کھیلنا ٹیم پلان کا حصہ ہے اور حالات کے مطابق مینجمنٹ کو جو درست لگتا ہے، وہی کیا جاتا ہے۔