لاہور(لاہورنامہ)سمال ٹریڈر اینڈ جنرل سٹور ایسوی ایشن پاکستان کے مرکزی چیئرمین میاں محمد زاہد نے کہا ہے کہ مہنگی بجلی اور بلوں میں شامل ظالمانہ ٹیکسوں نے خودکشیوں پر مجبور کردیا ہے۔
سراج الحق کی کال پر ملک بھر میں ہڑتال کریں گے۔پوری قوم جماعت اسلامی کا ساتھ دے تو ظالمانہ ٹیکسوں اور مہنگائی سے نجات مل جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی دفترمیں مشاورتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر چوہدری وقار کمبوہ،ملک علی احمد، ملک طلعت،حاجی محمد ارشد،معین اکرم،میاں عثمان،محمد ندیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بجلی، گیس، پانی اور پٹرول اور ڈیزل، ایل پی جی مہنگی ہونے سے پیداواری لاگت میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے جس کی وجہ سے کارخانے اور صنعتیں بند ہو رہی ہیں اوربے روزگاری کا سیلاب آنے والا ہے۔
پٹرولیم مصنوعات اور بجلی اور گیس کے بلوں میں اضافہ سے ہر چیز مہنگی ہو جاتی ہے۔تاجر برادری نے ملک اور ہم وطنوں کے لئے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں۔لیکن اب اپنے ٹیکسوں کے پیسہ سے ظالم حکمرانوں اور افسر شاہی کا بوجھ نہیں اٹھائیں گے۔
ان کی لاکھوں میں تنخواہیں اوربجلی، پٹرول،ٹیلی فون، گھر اور نوکر چاکر سمیت اربوں روپے کی مراعات مفت ہیں۔ اسی لئے پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرتے وقت انہیں تکلیف نہیں ہوتی۔ عوام اور تاجر برادری ہمیشہ سے قربانیاں دیتے آرہے ہیں۔
لیکن ملک کا قرض اترنے کی بجائے مزید بڑھا ہے۔ڈالر کی قیمتوں میں اضافے سے قرض کے بوجھ میں مزید اضافہ ہو گیاہے۔ہمارے ارباب اختیار 36 کروڑ یونٹ پیٹرول اور دوسری سہولیات غریب عوام کے ٹیکسز کے پیسے سے مفت استعمال کر رہے ہیں۔
ان کی تنخواہیں کم اور مراعات فوری ختم کی جائیں اگر 500،ہزار کمانے والا مزدور، تاجر پٹرول اور بجلی خرید کر استعمال کرتا ہے تو لاکھوں روپے تنخواہیں لینے والوں کو بھی بجلی کے بل اور اپنی گاڑی میں پٹرول اپنی جیب سے ڈلوانا پڑے گا۔ لائن لاسز کے نام پر ہمارے واپڈا ملازمین بجلی چوری میں ملوث ہیں پنجاب کے علاوہ لائن لاسز کی شرح کہیں زیادہ ہے اس کے لیے بھی محکمے میں اصلاحات کی اشد ضرورت ہے۔
اس موقع پرحاجی خالدنے ملکی ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کروائی۔