لاہور (لاہورنامہ) سربراہ عوامی مسلم لیگ وسابق وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پہلی مرتبہ کوئی سیاسی پارٹی یا کوئی سیاسی لیڈر لوگوں کو سڑکوں پر نہیں لارہا بلکہ بجلی اور پیٹرول کی قیمتیں ، بے روزگاری اور مہنگائی لوگوں کو سڑکوں پر لا رہی ہے.
عدالتوں کے فیصلوں کو کوئی نہیں مان رہا، آئین و قانون مذاق بن کر رہ گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈالر کی ٹرپل سنچری کے بعد پیٹرول اور ڈیزل کی بھی ٹرپل سنچری ہو گئی ہے، جب اوپن مارکیٹ میں ڈالر 331روپے کا ہوگا تو بجلی کا بل ، کھانے کا تیل اور گاڑی کا تیل مہنگا ہوگا ، جتنی روپے کی قدر گرے گی اتنی مہنگائی بڑھے گی۔
انہوں نے کہاکہ مسئلہ سیاسی نہیں رہا ، اقتصادی اور معاشی ہوگیا ہے، عوام کا نام ریاست ہے اور عوام ہی مہنگائی سے پگھل گئی ہے، الیکشن کب ہوتے ہیں یہ کسی کو معلوم نہیں لیکن مہنگائی جس طرح بڑھ رہی ہے گھر گھر میں اسکی پکار ہے اور گھروں میں مہنگائی کے ہاتھوں صف ماتم بچھی ہوئی ہے کوئی روکنے والا نہیں ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ نگران وزیر خزانہ نے بھی ہاتھ کھڑے کر دیئے ہیں ، وہ کہتی ہیں کہ انہیں معلوم نہیں تھا کہ حالات اتنے خراب ہیں ، نہ بیوروکریسی کام کر رہی ہے نہ آئی ایم ایف بات مان رہی ہے۔
ملکی حالات پر بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے مزید کہا کہ نہ کارخانہ نہ دوکان چل رہی ہے، صرف ڈالر پر سٹہ بازی چل رہی ہے، نہ سرمایہ کاری نہ ترسیلات ، کارخانہ داری نہ دوکان داری ہے یہ خدا کو معلوم ہے اس مہنگائی اور بیروزگاری کا حل کس کے پاس ہے، کسی کا فیصلہ کوئی نہیں مان رہا ، آئین اور قانون مذاق بن کر رہ گیا ہے۔
سربراہ عوامی لیگ نے گزشتہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ معاشی اور سیاسی چور لندن چلے گئے ہیں، عوام کو مسائل کے سمندر میں غرق کرگئے ہیں، ایم پی او تھری اور ایم پی او 16کی ملک میں لوٹ سیل لگی ہوئی ہے اور عدالتوں کے فیصلوں کو کوئی نہیں مان رہا۔