اسلام آباد/لاہور: پاک بھارت کشیدگی میں مزید کمی،دونوں ملکوں نے واپس بلائے گئے سفیر دوبارہ بھیج دئیے ۔تفصیلات کے مطابق پاک بھارت کشیدگی میں کمی کے بعد بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ اسلام آباد پہنچ گئے جب کہ پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود بھی نئی دلی روانہ ہوں گے.
۔بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار کے مطابق اجے بساریہ بھارت میں مشاورت مکمل کرکے پاکستان پہنچ گئے ہیں اور اسلام آباد میں اپنی ذمہ داریاں سنبھا ل لی ہیں ۔اجے بساریہ براستہ واہگہ پہلے لاہور پہنچے جہاں سے وہ اسلام آباد گئے ہیں ۔دوسری جانب نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود کو بھی دوبارہ بھیج دیا گیا ہے ۔سہیل محمود واہگہ بارڈر کے راستے نئی دہلی کےلئے روانہ ہوئے ہیں
۔وہ پہلے امرتسر جائیں گے جہاں سے نئی دہلی پہنچیں گے۔سفارتی ذرائع کے مطابق سہیل محمود 14 مارچ کو کرتار پور کوریڈور کے حوالے سے ہونے والے پاک بھارت حکام کے پہلے اجلاس کی تیاریاں بھی کریں گے۔ یہ اجلاس 14 مارچ کو واہگہ اٹاری بارڈر پر بھارتی علاقے میں ہوگا۔ اس اجلاس کے بعد 28 مارچ کو بھارتی وفد پاکستان آئے گا۔یاد رہے کہ 14 فروری کو پلوامہ واقعے کے بعد پاکستان اور بھارت میں تناو¿ بڑھتا گیا اور کشیدگی میں اضافہ اس وقت ہوا جب 25 اور 26 فروری کی درمیانی شب کو بھارتی طیاروں نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی۔اگلے روز پاکستان نے اپنی حدود میں گھسنے والے بھارتی طیاروں کو مار گرایا.