لاہور (لاہورنامہ)نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم سے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے ملاقات کی۔
اس موقع پرنگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم اور فیصل ایدھی کے درمیان ایدھی ویلفیئر سنٹر ملتان میں موجود ذہنی معذوری کا شکار افراد کی بحالی کیلئے اقدامات کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔بعدازاں نگران صوبائی وزیر محکمہ صحت ، سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال ڈاکٹر جاوید اکرم نے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اہم اجلاس کی صدارت بھی کی.
جس میں سیکرٹری محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال ظہور حسین، ڈائریکٹرجنرل مدثر ریاض ملک، ڈائریکٹرز و دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر حافظ شاہد لطیف کے علاوہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ پروفیسر ڈاکٹر فرخ عبداللہ، کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی سے پروفیسر آف سائیکیٹری پروفیسر ڈاکٹر علی مدیح ہاشمی و دیگر افسران بھی شریک ہوئے۔
کمشنر ملتان ڈویژن عامر خٹک اور تارے زمین پر تنظیم سے ڈاکٹر فادیہ نے وڈیو لنک کانفرنس کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے اجلاس کے دوران ایدھی ویلفیئر سنٹر ملتان سے ذہنی معذوری کا شکار مریضوں کے علاج و معالجہ اور منتقلی کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
متعلقہ افسران اور کمشنر ملتان ڈویژن نے نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کو اس حوالے سے بریفنگ دی۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ حکومت پنجاب ایدھی ویلفیئر سنٹر ملتان میں ذہنی معذوری کا شکار افراد کی بحالی کیلئے ایدھی فاؤنڈیشن سے ہر ممکن تعاون کرے گی۔
ایدھی ویلفیئر سنٹر ملتان سے لائے گئے ذہنی معذوری کا شکار افراد کی انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ میں دوبارہ اسیسمنٹ کروائی جا رہی ہے۔ ذہنی معذوری کا شکار افراد کی بحالی کیلئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ نگران صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ محکمہ صحت اور محکمہ سوشل ویلفیئرو بیت المال ذہنی معذوری کا شکار افراد کی بحالی کیلئے بنیادی اقدامات اٹھا رہے ہیں.
اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ پنجاب کو ذہنی معذوری کا شکار افراد کی بحالی کیلئے خصوصی گرانٹ کی سمری پیش کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ ذہنی معذوری کا شکار افراد ہمارے گھر کے فرد ہیں اور ان کو اچھی زندگی فراہم کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے فیصل ایدھی کو خدمت انسانیت کرنے پر یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔صوبائی سیکرٹری محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال ظہور حسین نے کہاکہ محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال ذہنی معذوری کا شکار افراد کی بحالی کیلئے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔کمشنر ملتان ڈویژن عامر خٹک نے کہاکہ ایدھی ویلفیئر سنٹر ملتان میں ذہنی معذوری کا شکار افراد کی بحالی کیلئے آسانیاں پیدا کررہے ہیں۔