آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ

آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سربراہ کی تقرری جلد کی جائے، انوار الحق

اسلام آباد (لاہورنامہ) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ہدایت کی ہے کہ غیر قانونی کان کْنی کو روکنے کے لیے سخت اقدامات اٹھائے جائیں،آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سربراہ کی تقرری جلد کی جائے اور اس سلسلے میں تمام قانونی تقاضے مکمل کیے جائیں۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت پیٹرولیم ڈویژن کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منگل کو یہاں منعقد ہوا۔نگران وزیراعظم کو پیٹرولیم ڈویژن کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے بے پناہ قدرتی وسائل کی صلاحیت کو بھرپور طریقے سے استعمال کرنے کے لیے مزید اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ قدرتی وسائل تک رسائی کیلئے روڈ انفراسٹرکچر بہتر بنانے کی ضرورت ہے . انہوں نے ہدایت کی کہ غیر قانونی کان کْنی کو روکنے کے لیے سخت اقدامات اٹھائے جائیں۔نگران وزیراعظم نے کہا کہ آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سربراہ کی تقرری جلد کی جائے اور اس سلسلے میں تمام قانونی تقاضے مکمل کیے جائیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پیٹرولیم ڈویژن پروڈکشن اینسانسمنٹ پروگرام پر کام کر رہی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پیٹرولیم ڈویژن ملک میں مزید قدرتی وسائل کی تلاش کیلئے کوشاں ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن منرل سیکٹر ڈویلپمنٹ فریم ورک مرتب کر رہی ہے اور مائننگ سیکٹر میں غیر ملکی سر مایہ کاری کے فروغ کے لیے پیٹرولیم ڈویژن مثبت سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔

بتایاگیاکہ مختلف ذخائر سے تیل اور گیس کی ترسیل کے لئے پائپ لائنوں کے پراجیکٹس کو ترجیح دی جا رہی ہے ،مائننگ سیکٹر میں غیر ملکی سر مایہ کاری کے فروغ کے لیے مثبت سمت میں پیش رفت جاری ہے ۔اجلاس میں نگران وفاقی وزیر پاور و پیٹرولیم محمد علی , مشیر نگران وزیراعظم احد چیمہ اور متعلقہ سرکاری افسران نے شرکت کی۔