لاہور(لاہورنامہ) صنعتکار رہنماچیئرمین ٹاؤن شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن لاہور میاں خرم الیاس نے کہا ہے کہ6ستمبر یوم دفاع پاکستان افواج پاکستان کی بے مثال اور لازوال فتح کا دن ہے۔
6ستمبرکا دن شہدا اور غازیوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔ ستمبر 1965 ء جنگ کا سب سے بڑا ہتھیار اتحاد اور قومی جذبہ تھا، آج تعمیر پاکستان کے لیے ستمبر 1965 ء والے قومی جذبہ اور حب الوطنی کے مظاہرے کی ضرورت ہے.
انہوں نے کہا کہ دفاع وطن پر قربان ہونے والے بری بحری فضائی جوانوں افسروں کی قربانیوں کی وجہ سے آج 21 کروڑ سے زائد عوام آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں، پاکستان شہیدوں، غازیوں کی امانت ہے ہر شہری اس سے پیار کرے اور اس خطہ زمین کی قدر کرے۔
میاں خرم الیا س نے کہا کہ 1965کے معرکے میں بھارت کے بزدلانہ حملے کے جواب میں پوری پاکستانی قوم نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔بھارت کے ناپاک عزائم اور پاکستان پر قبضے کی سازش کو عبرتناک شکست ہوئی پاکستان کے غیور عوام ان عظیم شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرینگے۔
یوم دفاع پاکستان ہمارے وقار اور جرات کی علامت ہے اس دن افواج پاکستان اور غیور قوم نے مل کر عیار دشمن کو شکست فاش دی،آج ہمیں اسی جذبہ کو فروغ دے کر ملک کو اندرونی و بیرونی خطروں سے بچانے کیلئے افواج پاکستان کے ساتھ کھڑا ہونا ہے ستمبر1965میں دشمن نے ہماری آزادی کو چیلنج کیا اور ہم نے اپنے دفاع کے لئے ہر طرح کی قربانی دے کر دشمن کو شکست فاش دی۔
ہمارے شہدا ء کی لازوال قربانیوں کی بدولت وطن عزیر پوردنیا میں سرخرو ہوا افواج پاکستان کے بہادر سپوتوں نے اپنی جانوں کی قربانی دے کر ہمارے آج کی حفاظت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ 6ستمبر وطن سے تجدید عہد وفا کا دن ہے۔
ہمیں ایک مستحکم خوشحال اور مضبوط پاکستان کے لئے اپنے اختلافات کو بھلا کر جدوجہد کرنے کی ہے شہیدوں کا خون رنگ لائے گا اور پاکستان حقیقی معنوں میں خوشحال و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔