لاہور(لاہورنامہ) نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں یوم دفاع کے سلسلہ میں منعقدہ پرچم کشائی کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر زوہرہ خانم، وائس پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر طیبہ خانم، علامہ اقبال میڈیکل کالج سے پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود خان، فیکلٹی ممبران اور ایم ایس سروسز ہسپتال ڈاکٹر منیر احمد ملک سمیت طلباء و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ 6 ستمبر 1965 کو پاک فوج کے جوانوں نے بھارتی فوج کے بھگوڑوں کو ناک سے چنے چبوائے ہیں۔پاک فوج کے جوانوں نے ہمیشہ دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر مقابلہ کیا ہے۔
ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ آج ہم سب کو پاکستان کی ترقی کی خاطر 1965 کی طرح متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ ہمیں نسلی تفریق کو مٹا کر پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہوگا۔ صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ آج ہمیں ملک کو آگے لے جانے کیلئے اسی جذبہ کی دوبارہ ضرورت ہے۔
پاکستان اس وقت مشکل حالات سے گزر رہا ہے۔اللہ تعالیٰ ہمیں پاکستان کی ترقی کی حقیقی معنوں میں توفیق عطا فرمائے۔پاکستان کو قائد اعظم محمد علی جناح اور شاعر مشرق علامہ اقبال کا حقیقی معنوں میں فلاحی ریاست بنانے کیلئے ہمیں محنت کرنی ہوگی۔ہمارے نوجوان پاکستان کی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کریں۔
صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے مزیدکہاکہ پنجاب کی طبی درسگاہوں کے فارغ التحصیل طلباء و طالبات پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔پنجاب کی طبی درسگاہوں میں کوالٹی ریسرچ پر خاص توجہ دی جا رہی ہے۔ صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے 1965 کی جنگ کے شہداء اور غازیوں کو سلام اور خراج عقیدت پیش۔