لاہور (لاہورنامہ) عدالت نے محمد خان بھٹی کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔
قومی احتساب بیورو (نیب)نے کرپشن کیس میں محمد خان بھٹی اور شریک ملزم محمد ریاض کو احتساب عدالت میں پیش کیا، کیس کی سماعت احتساب عدالت کے ایڈمن جج نسیم احمد ورک نے کی۔
محمد خان بھٹی کو نیب کی جانب سے 5 روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد احتساب عدالت میں پیش کیا گیا تھا اور استدعا کی گئی تھی کہ ملزم کو مزید جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا جائے۔ملزم کی جانب سے امجد پرویز ایڈووکیٹ نے مزید جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی تاہم احتساب عدالت کے جج نے پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا.
جب کہ ان کے شریک ملزم محمد ریاض کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔نیب کا کہنا تھا کہ محمد خان بھٹی نے گجرات میں ترقیاتی منصوبوں میں 1 ارب سے زائد کی کرپشن کی، اور ترقیاتی ٹھیکوں میں مبینہ طور پر 1 ارب سے زائد کی کک بیکس وصول کی گئیں.
ملزم تعمیراتی کام شروع ہونے سے قبل ہی ٹھیکیداروں کو ادائیگیاں کر کے کمیشن وصول کرتا رہا، مبینہ کرپشن کی رقم محمد خان بھٹی کے ذریعے پرویز الہی اور مونس الہی کے اکانٹس میں منتقل ہوئیں۔