لاہور(لاہورنامہ) کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں کینٹ اور ماڈل ٹاو ن ڈویڑنز کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
بلال صدیق کمیانہ نے کینٹ اورماڈل ٹاو ن ڈویڑنز کی غیر تسلی بخش کارکردگی پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا اور ایس پی کینٹ(انوسٹی گیشن)، ایس پی ماڈل ٹاون(انوسٹی گیشن)کو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی جبکہ اے ایس پی کاہنہ کو کارکردگی بہتر بنانے کی وارننگ دی۔
سی سی پی او نے ڈی ایس پی (آپریشنز) کینٹ، ڈی ایس پی (انوسٹی گیشن) کینٹ اور ڈی ایس پی(انوسٹی گیشن) گلبرگ کی ناقص کارکردگی پر جواب طلبی کی جبکہ ناقص کارکردگی پر ایس ایچ اوز ہربنس پورہ، نشتر،فیصل ٹاون اور انچارجز (انوسٹی گیشن) نارتھ کینٹ اور کوٹ لکھپت کو شوکاز نوٹسز جاری کرنے کی ہدایت کی۔
سی سی پی او نے کہا کہ ایس ڈی پی اوز،ایس ایچ اوز، انچارچ (انوسٹی گیشن) کی ناقص کارکردگی پر متعلقہ ایس پیز بھی جوابدہ ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈویڑنل ایس پیز اپنی کمانڈ اورکنٹرول کوبہتر بنائیں اور باقاعدگی سے ایس ایچ اوز سے میٹنگ کریں۔
سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ محکمہ پولیس میں عدم دلچسپی، تساہل اور کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں۔ فرائض میں غفلت اور عدم دلچسپی کی صورت میں محکمانہ ایکشن لیا جائے گا۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کریمنلز،اشتہاری،منشیات فروش پکڑیں اورریکوری بہتر بنائیں۔
سی سی پی او لاہور نے منشیات فروشوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس ایک رول ماڈل ادارے کے طور پر کام کرے۔ ڈی آئی جی (آپریشنز)سید علی ناصر رضوی، ڈی آئی جی (انوسٹی گیشن) عمران کشور، ایس ایس پی (ایڈمن) عاطف نذیر، ایس ایس پی(آپریشنز) صہیب اشرف، ایس ایس پی (انوسٹی گیشن)انوش مسعود چوہدری نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ کینٹ اور ماڈل ٹاون ڈویڑنز کے ایس پیز،اے ایس پیز، سرکل افسران، ایس ایچ اوز، انچارجز(انوسٹی گیشن)بھی اجلاس میں موجود تھے۔