مشہورزمانہ

مشہورزمانہ باربی ڈول بوڑھی ہوگئی

نیویارک: مشہورزمانہ فیشن ڈول باربی بوڑھی ہوگئی ہے؟ جی نہیں باربی ڈول بوڑھی نہیں ہوئی بلکہ دنیا بھرکے کروڑوں بچوں کی پسندیدہ گڑیا آج اپنی 60 ویں سالگرہ منا رہی ہے ۔باربی ڈول کی 60ویں سال گرہ کے موقع پر کمپنی کی جانب سے حقیقی زندگی پر مبنی کرداروں پر مشتمل کلیکشن متعارف کرایا گیاہے.

نئی کلیکشن میں ان شعبہ جات کی نشاندہی کی گئی ہے جس میں خواتین ابھی بھی بہت پیچھے ہیں۔باربی ڈول پہلی بار 9 مارچ، 1959 میں نیویارک میں منعقد ہونے والے ٹوائے فیئر میں متعارف کرائی گئی تھی ۔ 1959سے لیکر آج تک باربی ڈول دنیا بھرکی بچیوں کی اولین پسند ہے۔اس یاد گاردن کو منانے کے لیے باربی ڈول بنانے والی کمپنی میٹل انکارپوریٹ نے اپنی اس شہرہ آفاق پیش کش کے 20 نئے ورژن جاری کیے ہیں

جس میں جاپانی ٹینس اسٹار ناومی اوسا کا اور برطانوی ماڈل ایڈوا بھی شامل ہیں۔ڈول بنانے والی کمپنی نے 6 مختلف کیرئرز کی جانب ترغیب دینے والی باربی ڈولز بھی مارکیٹ میں پیش کی ہیں جن میں ابھی تک خواتین کو مناسب یا یکساں نمائندگی حاصل نہیں۔
ایسے کیرئیرز میں میں خلا نورد ، پائلٹ، ایتھلیٹ، صحافی، سیاست دان اور فائر فائٹر باربی ڈول شامل ہیں۔باربی ڈول اب تک 200 سے زائد کردار وں میں مارکیٹ میں پیش کی جاچکی ہے ۔ ان کرداروں میں سرجن سے لیکر ویڈیو گیم ڈیویلپرتک شامل ہیں۔ باربی کو ماضی میں اس کی جسمانی ساخت اور کپڑوں کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا ۔ ناقدین کی طرف سے کہا گیا کہ یہ ایک مخصوص ہئیت کی خواتین کی نمائندگی کرتی ہے۔ اس کے بعد باربی بنانے والی کمپنی نے مختلف طرح کی ڈولز متعارف کرائیں ، جن میں افریقی ، ایشیائی، حجاب پہننے والی باربی ڈولز سے لے کر سائنسدان ڈولز بھی شامل ہیں۔