لاہور(لاہورنامہ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ نوازشریف کی واپسی بحرانوں کی سیاہ تاریک رات میں گھرے پاکستان کے لئے طلوع سحر ہے.
پاکستان کا بیٹا ایک بار پھر قوم اور وطن کو مشکلات سے نکالنے میں تاریخی کردار ادا کرنے آرہا ہے، نوازشریف اپنے ریلیف کے لئے نہیں بلکہ قوم کو مہنگائی، معاشی بدحالی اور لاقانونیت کی تکلیف سے نجات دلانے آرہا ہے،شیر کے نشان پر مہر لگانے کا ایک وعدہ عوام پورا کریں. دوسرے وعدے سچ کردکھانے کی ذمہ داری ہم لیتے ہیں، 21 اکتوبر پاکستان کی سیاسی وجمہوری تاریخ کا ایک روشن باب بنے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں پارٹی رہنمائوں، سابق اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں پارٹی قائد نواز شریف کی وطن واپسی پر استقبال کیلئے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا.
اجلاس کے شرکاء نے پارٹی قائد کی وطن واپسی کی حتمی تاریخ کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے مثالی اور تاریخی استقبال کے عزم کا اظہار کیا ۔ اجلاس میں پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ خان ، لاہور کے صدر سیف الملوک کھوکھر، شائستہ پرویز ملک، خواجہ عمران نذیر، خواجہ احمد حسان، علی پرویز ملک، مجتبیٰ شجاع الرحمن، بلال یاسین، میاں مرغوب احمد، رانا مبشر اقبال، ریاض ملک سمیت دیگر نے شرکت کی ۔
اجلاس میں لاہور کے صدر سیف الملوک کھوکھر نے پارٹی قائد نواز شریف کی استقبال کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔ اجلاس کے شرکا ء نے اس موقع کو تاریخی بنانے اور تیاریوں کے حوالے سے اپنی تجاویز اور آرا ء بھی پیش کیں۔
اجلاس میں نواز شریف کی وطن واپسی کی تیاریوں میں تیزی لانے ،پارٹی کارکنوں اور عوام سے رابطے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا جس کے لئے پارٹی رہنمائوں کو ذمہ داریاں تفویض کی گئیں ۔ مریم نواز نے کہا کہ ملک کو انتقام نہیں، اتحاد، امن،معاشی ترقی ، غریبوں کو مہنگائی سے نجات کا ایجنڈا چاہیے ، نوازشریف اسی ایجنڈے پر کام کریں گے.
عوام نوازشریف کو دوتہائی سے زیادہ مینڈیٹ دیں ، وعدہ ہے معاشی بدحالی ، مہنگائی ، بیروزگاری کے سیاہ اندھیرے ہمیشہ کے لئے ختم کردیں گے،پارٹی رہنمائوں اور کارکنان کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں، تین دفعہ عوام نے محمد نوازشریف پر اعتماد کیا.
انہیں وزیراعظم بنا کر ملک کی خدمت کا موقع دیا، نوازشریف نے عوام سے کئے ہر وعدے کو پورا کیا، نواز شریف ہمیشہ عوام کے اعتماد پر پورا اترا اور ہر بار ملک کو بدترین بحرانوں سے نکالا،ان شااللہ پھر نکالیں گے، ہر غم سہہ کر بھی نوازشریف کی ترجیح آج بھی عوام اور ملک کی ترقی وخوشحالی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ نوازشریف کو ہمیشہ بحرانوں، طوفانوں اور خساروں میں گھرا ملک ملا، اللہ تعالی پر کامل بھروسے، محنت اور خلوص نیت سے پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ طوفانوں کا منہ پھیرا ہے، نئی امید دی ہے اور پاکستان اور عوام کو ریلیف دیا ہے.
یہ وہی نوازشریف ہے جس نے 2013 میں جب ملک سنبھالاتھا تو لوڈشیڈنگ ،دہشتگردی اور معاشی بدحالی قوم کا لہو بہا رہی تھی، پوری قوم کو دہشتگردی کے خلاف ایک بیانیے پر نوازشریف نے متحد کیا، مہنگائی کی کمر توڑی، پاکستان کی معاشی ترقی کی شرح 6.1 فیصد کی، پورے خطے میں پاکستان سب سے تیز ترین معاشی ترقی کررہا تھا، نوازشریف ایک بار پھر قوم اور ملک کو اِن بحرانوں سے نکالیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عوام چالبازوں، فراڈیوں، جھوٹوں اور توشہ چوروں کے پراپیگنڈے سے ہوشیار رہیں، عوام نوازشریف کو دوتہائی سے زیادہ مینڈیٹ دیں تاکہ پاکستان سے معاشی بدحالی ، مہنگائی ، بیروزگاری کے سیاہ اندھیرے ہمیشہ کے لئے ختم ہوجائیں.
اللہ تعالی کے کرم اور پارٹی کی ماضی کی شاندار کاکردگی کی بنیاد پر پورے ایمان کے ساتھ یہ یقین دلاتی ہوں پاکستان اور عوام کے اچھے دِن آنے والے ہیں، عوام انتخابات میں شیر پر نشان لگائیں، یہ نشان شیر پر نہیں، آپ اپنی محرومیوں، معاشی بدحالی کے خاتمے اور مہنگائی میں کمی پر لگائیں گے، عوام نوازشریف کو واضح مینڈیٹ دیں، ہم عوام کو مہنگائی میں واضح کمی کرکے دکھائیں گے.
عوام واضح سوچ کے ساتھ اپنے ووٹ کی طاقت کے ساتھ فیصلہ کریں، نوازشریف عوام کے معاشی دکھ دور کردیں گے، مہنگے بجلی کے بلوں سے نجات دلائیں گے، ایک وعدہ عوام پورا کرے، دوسرے وعدے سچ کردکھانے کی ذمہ داری ہم لیتے ہیں، 21 اکتوبر پاکستان کی سیاسی وجمہوری تاریخ کا ایک روشن باب بنے گا، پاکستان کو ترقی کا گہوارہ بنانا ہے،ہم سب نے تاریخی جذبے سے کام کرنا ہے۔