امیر العظیم

بجلی، پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف دھرنے کی تیاریاں جاری ہیں، امیر العظیم

لاہور (لاہور نامہ) 21ستمبر کو گورنر ہاؤس لاہور کے سامنے بجلی، پٹرول کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کے خلاف ہونے والے دھرنے کی تیاریوں کے سلسلے میں انجمن تاجران کے اعزاز میں جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ میں عصرانہ دیا گیا۔

تقریب سے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے خطاب کیا۔ انھوں نے امیر جماعت سراج الحق کی اپیل پر 2ستمبر کو ہونے والی شٹرڈاؤن ہڑتال میں تاجروں کے تعاون اور ان کا شکریہ ادا کیا۔

امیر العظیم نے کہا کہ 21ستمبر کو گورنر ہاؤس کے سامنے دیے جانے والے دھرنا میں جماعت اسلامی کے کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد اور تاجر رہنما، وکلا، طلبہ، سول سوسائٹی اور دیگر طبقہ ہائے فکر کے لوگ بھی شریک ہوں گے۔

انھوں نے کہا کہ 2ستمبر کو ملک بھر کے تاجروں نے مہنگائی کے خلاف تاریخی ہڑتال کی اور کسی پریشر کو قبول نہیں کیا۔ انھوں نے کہا کہ نگران حکومت عوام کو بجلی کے بلوں میں ریلیف دینے کے جھوٹے وعدے کرتی رہی، لیکن ریلیف دینے کی بجائے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کر کے عوام کے زخموں پر نمک پاشی کی۔

انھوں نے کہا کہ آئی پی پیز کے مہنگے معاہدے کر کے حکمرانوں نے خوب مال سمیٹا۔ انھوں نے کہا کہ حالات روزبروز خراب ہوتے جا رہے ہیں، جماعت اسلامی قوم کی ترجمانی کرے گی، ہم چاہتے ہیں تاجر برادری جماعت اسلامی کا ساتھ دے تاکہ ملک کا مستقبل محفوظ ہو۔

تقریب سے نائب امیر جماعت اسلامی لاہور حلقہ پی پی 167سے صوبائی اسمبلی کے امیدوار میاں ذکر اللہ مجاہد، امیر جماعت اسلامی ضلع غربی عبدالعزیز عابد، علی عمران، ظہور احمد وٹو، ملک شفیق، سید ذیشان الحسن، شبیر احمد، ملک بلال، ناصر بٹ، رانا حنیف اور دیگر تاجر رہنماؤں نے شرکت کی اور جماعت اسلامی کو اپنے تعاون کا یقین دلایا۔