بے روزگاری اور معاشرے میں تنائو

بے روزگاری اور معاشرے میں تنائو کے خاتمہ کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے، عارف علوی

اسلام آباد (لاہورنامہ)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بے روزگاری، معاشرے میں تنائو کی بڑھتی ہوئی سطح، خصوصی افراد کے لیے مواقع تک رسائی کو بہتر بنانے اور کاروبار اور روزگار میں خواتین کی شرکت کو بڑھانے جیسے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

انہوں نے کراچی میں کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے ایک وفد سے ملاقات میں ملک میں سماجی و اقتصادی چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے رضاکارانہ خدمات اور چیمبرز، بینکنگ سیکٹر اور سول سوسائٹی کی فعال شمولیت کی اہمیت پر زور دیا۔

منگل کو یہاں ایوان صدر سے جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق صدر مملکت نے زور دیا کہ کاروباری برادری کو سماجی شعبوں کو آگے بڑھانے اور ضرورت مندوں کی مدد کرکے اپنی کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کو پورا کرنے میں کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ سرکاری اور نجی شعبوں کے درمیان باہمی تعاون سے لوگوں کی زندگیوں میں خاص طور پر سماجی اقدامات کے دائرے میں مثبت تبدیلی آسکتی ہے۔

صدر نے ایک جامع معاشرے کی تشکیل پر زور دیا جہاں سماجی و اقتصادی سرگرمیوں میں خواتین کی شرکت کو فعال طور پر فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کراچی چیمبر کے ممبران پر زور دیا کہ وہ خواتین کو مستقبل کی صنعت کار بننے، ان میں اعتماد کے فروغ اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے ان کی حمایت و حوصلہ افزائی کریں۔

مزید برآں انہوں نے انسانی ترقی کی اہمیت پر زور دیا اور کاروباری برادری کو خواتین اور خصوصی افراد کے لیے روزگار کے مزید مواقع پیدا کرنے کا مشورہ دیا۔ صدر نے خواتین کے لیے بینک اکائونٹ کھولنے اور مالیاتی لین دین میں سہولت فراہم کرنے پر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مثبت اثرات کو تسلیم کیا۔ انہوں نے خواتین کو کام کی جگہ پر سازگار ماحول فراہم کرنے میں کاروباری برادری کے کردار پر زور دیا۔

صدر نے کارپوریٹ سیکٹر پر یہ بھی زور دیا کہ وہ اپنے کارکنوں کی فلاح و بہبود اور ماحولیاتی تحفظ کو ترجیح دیں تاکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک بہتر دنیا کو یقینی بنایا جا سکے۔ بینکنگ سیکٹر کی کارکردگی کے حوالے سے صدر علوی نے گزشتہ تین سالوں میں اس کی کامیابیوں کی تعریف کی۔ انہوں نے چیمبرز پر زور دیا کہ وہ صنعت کے اندر 20 سے 25 فیصد خواتین کو ملازمت کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے فاسٹ ٹریک میکانزم تیار کریں۔

انہوں نے ملک کے کچھ بینکوں کی تعریف کی جنہوں نے 30 فیصد خواتین کو قابل ذکر روزگار فراہم کیا۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے وافر قدرتی اور انسانی وسائل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کی صلاحیت کے بارے میں پرامید ہیں۔ انہوں نے صنعتی اور کاروباری شعبوں کی مسابقت کو بروئے کار لانے کے لیے معیاری تعلیم اور ہنر فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پر زور دیا کہ ہسپتالوں، شاپنگ پلازوں اور صنعتوں تک خصوصی افراد کی رسائی کو آسان بنانے کے لئے ریمپس کی تعمیر جیسے اقدامات کئے جائیں۔