لاہور ( لاہورنامہ)وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے چین کے صوبے ننشیا کے دارالحکومت ین چوان میں تیسرے ننشیا انٹرنیشنل فرینڈزشپ سٹیز فورم کا افتتاح کردیا۔یوہائی کے کانفرنس ہال میں آمد پر وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کا شاندار استقبال کیا گیا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے تھرڈ ننشیا انٹرنیشنل فرینڈ شپ سٹیزفورم سے کلیدی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا عزم خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کو یقینی بنانا ہے۔پاک چین تعلقات پورے خطے میں امن،استحکام اورخوشحالی کے لئے ضروری ہیں۔پاکستان اور چین کے مزید مضبوط، جامع اور ہمہ گیر تعلقات دونوں ممالک کے بہترین مفاد کیلئے ناگزیر ہیں ـ
وزیراعلی نے کہا کہ پاکستان اور چائنہ آل ویدر کوآپریٹو سٹرٹیجک پارٹنر ہیں۔ پاکستان اورچین کی دوستی اور برادرانہ تعلقات ہمیشہ بلندیوں کی طرف گامزن رہیں گے۔ روشن اور تابناک مستقبل کے لئے پاکستان اور چین کو آگے بڑھنا ہے۔وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور چین گزشتہ 7دہائیوں سے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں تعلقات کو بخوبی نبھا رہے ہیں۔
پاکستان اور چائنہ ثابت کر چکے ہیں کہ دوطرفہ تعلقات کیلئے باہمی اعتماد اور انڈرسٹینڈنگ بنیادی امور ہیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ سی پیک اور بیلٹ اینڈ روڈ اینشیٹو کی 10ویں سالگرہ منا ئی جا رہی ہے۔ سپیشل اکنامک زونز، تمام جاری منصوبوں کی تکمیل اور گوادر بندرگاہ کی تیز رفتار ترقی کیلئے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے۔ سرمایہ کار، صنعتکار اور تاجرسی پیک اور بیلٹ اینڈ روڈ اینشیٹو کے ترقیاتی منصوبوں کو معیار کی بلندیوں تک پہنچانے کے لئے بھرپور کردار ادا کرسکتے ہیں۔
وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ فرینڈ شپ فورم میں شرکت اور آپ سے مخاطب ہونا میرے لئے باعث اعزاز ہے ـ کیمونسٹ پارٹی اور ننشیا کے عوام کا فرینڈ شپ فورم میں میزبانی پر مشکورہوں ـ فورم نے ہمیں مل بیٹھنے اور اجتماعی دانش سے مستفید ہونے کا نادرموقع فراہم کیاـ
وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ ماضی میں بہت سے چینی بھکشوشاہراہ ریشم پر سفر کر کے گندھارا اور وادی سندھ کی لازوال تہذیب کامشاہدہ کرچکے ہیں۔چینی بھکشوپاکستان میں ہزاروں سال پرانی تہذیب میں پوشیدہ علم اوردوستی کے پیغام سے استفادہ کرچکے ہیں۔ سفارتی تعلقا ت کی شروعات سے متعدد شہراور صوبوں کے دوستی او رہم آہنگی کا علم لے کر آگے بڑھ رہے ہیں۔
دونوں ممالک کے شہروں اور صوبوں نے آپس میں تعلقات کو مضبوط رکھا۔وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور چین کے 43صوبوں اور شہروں نے دوستی کے رشتے قائم کر کے ہمارے مستقبل کے تعلقات کے لئے مضبوط بنیاد فراہم کی ہے۔ پاک چین روابط باہمی اقتصادی، تجارتی اور سیاحتی تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔ سی پیک اور چین پاکستان فری ٹریڈ ایگریمنٹ نے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو نئی جہت فراہم کی ہے۔
چین پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دارہے اور حالیہ برسوں میں دو طرفہ تجارت میں بے پناہ اضافہ ہواہے۔وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ ہمارے لیڈرز نے دونوں ممالک کے مفاد کیلئے سی پیک کی اعلیٰ معیار کی ترقی جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔جاری ترقیاتی منصوبوں بالخصوص سپیشل اکنامک زون اور گوادر ڈویلپمنٹ کے فاسٹ ٹریک پر گامزن ہیں ـ
سپیشل اکنامک زون کے سلسلے میں سرمایہ کاروں سے ملاقات کر چکا ہوں ـوزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ ننشیا کیمونسٹ پارٹی کے سیکرٹری اور چیئرمین کاشاندار میزبانی پر شکریہ ادا کرتاہوں۔ صوبائی وزرا عامر میر، ایس ایم تنویر، اظفر علی ناصر ، ابراہیم حسن مراد، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان اور فنانس سیکرٹری مجاہد شیر دل بھی اس موقع پر موجود تھے۔