لاہور (لاہورنامہ) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے آج یہاں گورنر ہائوس لاہور میں آئی ٹی کے شعبے سے وابستہ انٹرپرینورز کے وفدنے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران وفد نے گورنر پنجاب کو آئی ٹی انڈسٹری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور جدت سے ہم آہنگی پیدا کر کے ہی معاشی ترقی کے اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئی ٹی سکلز سکھا کر نوجوانوں کو روزگار کے مواقع مہیا کیے جا سکتے ہیں۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں آئی ٹی کے اوپر ایک کنسورشیم بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ بطور چانسلر ہونیورسٹیوں کو ہدایت کی ہے کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ سے مل کر طلبا کے لیے آئی ٹی ٹریننگز کا انتظام کریں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ووکیشنل ٹریننگ دینا بہت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2013 سے 2018 کے درمیان بڑی تعداد میں ووکیشنل کورسز شروع کیے گئے ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ آئی ٹی اور ووکیشنل ٹریننگ سے روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔
اس موقع پر وفد نے گورنر پنجاب کو بتایا کہ حکومت آئی ٹی انڈسٹری پر توجہ کرے تو آئی ٹی ایکسپورٹس میں خاطر خواہ اضافہ ہو سکتا ہے۔ وفد نے گورنر پنجاب کو آئی ٹی انڈسٹری کو درپیش مختلف مسائل سے بھی آگاہ کیا۔گورنر پنجاب نے آئی ٹی انڈسٹری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تجاویز متعلقہ صوبائی اور وفاقی محکموں کو بھیجنے کی یقین دہانی۔
وفد میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر عدنان بٹ، شاہ حسین، کنول چیمہ اور عابد بٹ سمیٹ مختلف آئی ٹی کمپنیوں کے سی ای اوز شامل تھے۔