بیجنگ (لاہورنامہ) چین کے صدر شی جن پھنگ نے ہانگ چو کے ویسٹ لیک اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں نیپال کے وزیر اعظم پشپا کمل دہل پراچندا سے ملاقات کی جو 19ویں ایشیائی کھیلوں کی افتتاحی تقریب میں شرکت اور سرکاری دورہ کرنے کے لیے چین تشریف لائے ہیں۔
ہفتہ کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق صدر شی جن پھنگ نے 19ویں ایشین گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت اور چین کے سرکاری دورے پر تشریف لانے پر نیپالی وزیر اعظم کو خوش آمدید کہا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میں چین- نیپال دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے پر جناب وزیراعظم کی کوششوں کی تعریف کرتا ہوں اور بیلٹ اینڈ روڈ کی مشترکہ تعمیر میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو سراہتا ہوں۔
چین اور نیپال کے درمیان 68 سال قبل سفارتی تعلقات قائم ہونے کے بعد سے، دونوں ممالک نے پرامن بقائے باہمی کے پانچ اصولوں کی بنیاد پر باہمی احترام، باہمی تعاون اور مساوی تعلقات کو فروغ دینے کی بہترین مثال قائم کی ہے۔
چین، چین-نیپال تعلقات کی ترقی کو بہت اہمیت دیتا ہے اورنیپال کے ساتھ ترقیاتی حکمت عملیوں کی صف بندی کو مضبوط بنانے، مختلف شعبوں میں عملی تعاون کو گہرا کرنے، ریاستی حکمرانی میں تجربات کے تبادلے کو مضبوط بنانے اور چین-نیپال تعلقات میں مسلسل نئی پیش رفت کو فروغ دینے کے لیے تیار ہے۔