گورنمنٹ سید مٹھا ٹیچنگ ہسپتال

نگران وزیر اعلی محسن نقوی کا گورنمنٹ سید مٹھا ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ

لاہور ( لاہورنامہ)نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے گورنمنٹ سید مٹھا ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیا۔

وزیراعلیٰ کے دورے کے دوران آشوب چشم میں مبتلا عملہ آپریشن تھیٹر میں مریضوں کے علاج میں مصروف تھا۔ایکسرے روم بندتھا اورمشین خراب تھی،بعض وارڈ زمیں اے سی نان فنکشنل تھے اوروارڈ ز کے باہرموجود الماریوں میں ریکارڈ رکھا ہوا تھا،خراب اورگندگی سے بھرا واٹر فلٹریشن پلانٹ اور ہسپتال کی حالت زار دیکھ کر وزیراعلی محسن نقوی نے شدید برہمی کااظہار کیا اورایم ایس کی سرزنش کی۔

ایم ایس کسی بھی سوال کا تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہسپتال کے معاملات کو 7روز کے اندر بہتر بنانے کا حکم دیا۔وزیراعلی محسن نقوی نے سیکرٹری صحت کو بھی فوری طور پر سید مٹھا ٹیچنگ ہسپتال بلا لیا۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ایمرجنسی،سٹیلائٹ فلٹر کلینک کارڈیالوجی،بچہ وارڈ ، ایکسرے روم، سی سی یو،ڈائیلسسز وارڈاوردیگر وارڈز کا معائنہ کیا ۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مریضوں کی عیادت کی اور فراہم کردہ طبی سہولتوں اور مفت ادویات کے بارے استفسار کیا۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بعض مریضوں کے علاج معالجے کے لئے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایات دیں۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے واٹر فلٹریشن پلانٹ کو جلد فنکشنل کرنے کاحکم دیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہسپتال کے 4فلور دیکھے اور علاج معالجے کی سہولتوں کا تفصیلی جائزہ لیا ۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہاکہ ہسپتال کے دورے کے دوران بہت سے ایشوز سامنے آئے ہیں جنہیں جلد درست کیا جائے گا۔ہسپتال میں فرنیچر بھی خراب ہے جسے بدلنے کی ضرورت ہے۔ سیکرٹری صحت کو ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے لئے ہدایات دے دی ہیں۔ صوبائی وزراء اظفر علی ناصر،منصور قادر،بلال افضل اور ڈپٹی کمشنرلاہور بھی ہمراہ تھیں۔