انسانی حقوق

انسانی حقوق کے حوالے سے عوام میں آگہی کی ضرورت ہے، خلیل جارج

اسلام آباد (لاہورنامہ)نگران وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق خلیل جارج نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کے حوالے سے عوام میں آگہی اور بیداری کی ضرورت ہے۔

جمعرات کو یہاں نیشنل کالج آف آرٹس اسلام آباد کیمپس میں انسانی حقوق کے حوالے سے منعقدہ سیمینار میں بطور مہمان خصوصی طلبا و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ نوجوان کسی بھی ملک کیلئے ایک قیمتی سرمایہ ہیں تاہم بدقسمتی سے نوجوانوں کو آگے نکلنے کے لیے کوئی راستہ ہی نہیں مل رہا.

پاکستان جیسی نوجوان آبادی کیلئے یورپی ممالک ترس رہے ہیں ، ان ممالک کو انسانی وسائل کی کمی کا سامنا ہے، پاکستان کو آج نوجوانوں کی سب سے زیادہ ضرورت ہے، آگے جا کے نوجوان نسل نے ہی ملک سنبھالنا ہے۔

وفاقی وزیر نے نوجوانوں کی کثیر تعداد کے ملک سے باہر جانے کے حوالے سے کہا کہ باہر جا کے آپ کو اس ملک کی قدر کا اندازہ ہوگا، اس لئے میری اپنے ملک کے نوجوانوں سے گزارش ہے کہ وہ ملک میں رہ کر عوام کی خدمت کریں کیونکہ اس ملک نے ہمیں شناخت دی ہے اور اس کے بدلے ہم نے بھی کچھ دینا ہے۔