بیجنگ (لاہورنامہ) چین کے صدر شی جن پھنگ کی اہلیہ اور یونیسکو کی لڑکیوں اور خواتین کی تعلیم کے فروغ کے لیے خصوصی ایلچی پھنگ لی یوان نے بیجنگ میں یونیسکو کی ڈائریکٹر جنرل آدرے ازولے کے ساتھ 2023 کی یونیسکو کی لڑکیوں اور خواتین کی تعلیم کے ایوارڈز کی تقریب میں شرکت کی۔ دونوں نےچائنا چلڈرن اینڈ ٹین ایجرز فاؤنڈیشن اور پاکستان گرلز ایجوکیشن الائنس کے ایوارڈ یافتہ نمائندوں کو ایوارڈز پیش کیے۔
پھنگ لی یوان نے اپنی تقریر میں کہا کہ چین کے یونیسکو کے ساتھ قریبی تعاون بالخصوص لڑکیوں اور خواتین کی تعلیم کے ایوارڈ کے قیام نے دنیا بھر میں لڑکیوں اور خواتین کی تعلیم کی ترقی کے لیے ایک مثال قائم کی ہے، قیمتی تجربہ فراہم کیا ہے اور اس نے ایک مثالی کردار ادا کیا ہے۔
آج کی دنیا میں لڑکیوں اور خواتین کی تعلیم کو نئے حالات، نئے تقاضوں اور نئے چیلنجز کا سامنا ہے۔ امید ہے کہ تمام فریقین خواتین کے لیے صحت کی تعلیم، ڈیجیٹل تعلیم، اور سائنس کی تعلیم پر سرمایہ کاری اور تعاون میں مزید اضافہ کریں گے، خواتین کی صحت کو بہتر بنانے، ان کی اختراعی اور کاروباری صلاحیتوں کو بڑھانے میں مدد کریں گے، اور خواتین کی اپنی خوشحالی کی جستجو کی صلاحیت بڑھانے میں مدد کریں گے۔
پھنگ لی یوان نے کہا کہ چین خواتین کے تعلیم کے مساوی حق کو یقینی بنانے کو بہت اہمیت دیتا ہے اور لڑکیوں اور خواتین کی اعلیٰ معیار ی تعلیم کے لیے تمام فریقوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔
ازولے نے چین کی حکومت کی جانب سے یونیسکو کی بھرپور حمایت اور دنیا بھر میں لڑکیوں اور خواتین کی تعلیم کے فروغ کے لیے پروفیسر پھنگ لی یوان کی شاندار خدمات پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ یونیسکو دنیا بھر میں لڑکیوں اور خواتین کی تعلیم کو فروغ دینے کے لیے چین کے ساتھ تعاون کو جاری رکھنے کے لیے تیار ہے۔
گرلز اینڈ ویمن ایجوکیشن ایوارڈ لڑکیوں اور خواتین کی تعلیم کو فروغ دینے کے حوالے سے یونیسکو کا واحد ایوارڈ ہے۔اس سال چین کے "اسپرنگ بڈ پروجیکٹ” اور پاکستان کے "اسٹار سکول پروجیکٹ” نے یہ انعام جیتا ہے۔