لاہور (لاہورنامہ) سرپر ست اعلی الخدمت فاؤنڈیشن و امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ نوجوان نسل ہی ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ اور سرمایہ ہے۔
بنو قابل پروگرام لاہور کے نوجوانوں کے لئے سکل ڈویلپمنٹ کا شاندار پروگرام ہے۔ہمارے اس پروجیکٹ سے مختصر کورس کرنے کے بعد نوجوان برسر روزگار ہونگے اور پاکستان کی ترقی میں حصہ دار بن سکیں گے۔دنیا کی ترقی یافتہ قومیں اپنے ملک و معاشرے کی ترقی، استحکام اور امن کے قیام کیلئے اپنے نوجوانوں کی تعلیم و تربیت پر خاص توجہ دیتی ہیں۔
اسی سلسلے میں الخدمت فاؤنڈیشن لاہور نے کراچی کے بعد لاہور میں اس پروجیکٹ کے ذریعے نوجوانوں ہنرمند بنانے کا فیصلہ ہے۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن لاہور اور لاہور چیمبر آف کامرس کے درمیان ایم او یو سائن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صدر لاہور چیمبر آف کامرس کاشف انور، نائب صدر عدنان خالد،صدر الخدمت لاہور انجینئر حماد رشید، اعجاز تنویر، عبدالودود علوی، لاہور چیمبر اور لاہور بزنس فورم کے عہدیداران اور الخدمت فاؤنڈیشن اور جماعت اسلامی کے قائدین نے شرکت کی۔
اس وموقع پر صدر لاہور چیمبر کاشف انور نے الخدمت فاؤنڈیشن کے ”بنو قابل پروگرام” کے حوالے مکمل تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نیمزید کہا کہ پاکستان میں نوجوانوں کو درپیش سب سے بڑا گھمبیر مسئلہ بیروزگاری ہے.
ملازمتوں کی عدم دستیابی اور روزگار کے حصول میں دشواری کے سبب مایوسی کی کیفیت نوجوانوں کی صلاحیتوں کو گھن کی طرح چاٹ رہی ہے۔ تعلیم سے فراغت کے بعد جب نوجوانوں کو اپنے علم و فن کے مطابق ملازمتیں دستیاب نہیں ہوتیں تو بے روزگاری کی یہ صورتحال پیچیدہ شکل اختیار کرلیتی ہے۔
اور نوجوانوں میں سماجی عدم تحفظ، لاقانونیت، بے راہ روی اور منشیات کے استعمال جیسی برائیاں جنم لیتی ہیں۔