گرینڈ ہیلتھ الائنس

گرینڈ ہیلتھ الائنس کے زیر اہتمام ڈاکٹر خالد بن اسلم کے اعزاز میں الوداعی تقریب

لاہور (لاہورنامہ) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت اور مسیحائی کا پیشہ ہر کسی کے نصیب میں نہیں ہوتا بلکہ صرف خوش قسمت لوگ ہی ڈاکٹرز بنتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس امر پر میڈیکل پروفیشن سے وابستہ ہر شخص کو غور کرتے ہوئے پوری لگن اور محنت سے اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کو نبھانا چاہیے تاکہ قدرت نے جس مقصد کیلئے اُن کا انتخاب کیا ہے اُسے پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے کیونکہ دکھی انسانیت کی خدمت اور بیماروں کی شفایابی پیغمبر ی صفت ہے لہذا تمام ہیلتھ کئیر پروفیشنلز کو اس پیشے کے تقدس کا خیال رکھنا اُن کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

ان خیالات کا اظہار پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے گرینڈ ہیلتھ الائنس لاہور جنرل ہسپتال وپی آئی این ایس کے زیر اہتمام ڈاکٹر خالد بن اسلم کے اعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنزپروفیسر آصف بشیر، پروفیسر جودت سلیم،پروفیسر ندرت سہیل، صدر وائی ڈی اے ڈاکٹر حسیب تھند،صدر وائی این اے خالدہ تبسم، صد رپاکستان ہیلتھ سپورٹ سٹاف ایسوسی ایشن رانا پرویز، صدر الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز جنید میو سمیت پروفیسر ز، ڈاکٹرز و نرسز کی کثیر تعداد موجود تھی۔

پروفیسر آصف بشیر نے ڈاکٹر خالد بن اسلم کی پیشہ وارانہ خدمات اورانتظامی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ34سال تک محکمہ صحت سے وابستہ رہے اور انہوں نے 2سال بیک وقت ایل جی ایچ اور پنز کے بطور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی ذمہ داریاں نبھاکر ایک نئی مثال قائم کی۔

گرینڈ ہیلتھ الائنس کے رہنماؤں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر خالد بن اسلم ایک سچے مسیحا کے طور پر یاد رکھے جائیں گے جنہوں نے نوجوان ہیلتھ پروفیشنلز کے لئے ایک روشن مثال قائم کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر خالد بن اسلم نے ثابت کیا کہ محنت میں ہی عظمت ہے اور ہر انسان کو اس کی پیشہ وارانہ لگن اور دیانت اُس کو عزت کا اعلیٰ مقام دلاتی ہے اور ایسے لوگ ہمیشہ اپنے ساتھیوں میں زندہ رہتے ہیں۔

مقررین نے ڈاکٹر خالد بن اسلم کے مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی دکھی انسانیت کی خدمت کے سفر کو جاری رکھیں گے کیونکہ ڈاکٹر پیشہ وارانہ طور پر کبھی ریٹائر نہیں ہوتا اور وہ لوگوں کی خدمت کا کوئی لمحہ ہاتھ سے جانے نہیں دیتا۔

اس موقع پر ڈاکٹر خالد بن اسلم جذباتی ہو گئے اور انہوں نے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ طویل عرصہ تک لاہور جنرل ہستال سے وابستہ رہے ہیں وہ اپنے ساتھیوں کی محنت، محبت اور خوبصورت یادیں لے کر اس ادارے سے رخصت ہو رہے ہیں اور ماضی کے سنہرے دن ہی اُن کی آئندہ زندگی کا اثاثہ رہیں گے۔

انہوں نے نوجوان ہیلتھ پروفیشنلز پر زور دیا کہ وہ اعلیٰ تعلیم دنیا میں جہاں مرضی حاصل کریں لیکن خدمت کے لئے اپنی دھرتی کا انتخاب کریں اور وطن عزیز کو کبھی بھی فراموش نہ کریں۔

شرکاء نے ڈاکٹر خالد بن اسلم کو تحائف اور پھول دے کر رخصت کیا اور اُن کے لئے دعائیں کیں جبکہ تقریب میں پروفیسر خضر حیات گوندل، پروفیسر محسن ظہیر،پروفیسر شہزاد حسین شاہ، پرنسپل نرسنگ کالج مسز میمونہ ستار،ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ رمضان بی بی،نرسنگ سپرنٹنڈنٹ رضیہ شمیم، شہناز ڈار کے علاوہ انتظامی ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔

تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر خالد بن اسلم کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا اور انہیں کامیاب عرصہ ملازمت مکمل کرنے پر مبارکباد یں دی گئیں۔