سانگھڑ ( لاہورنامہ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ معیشت تباہ کرنے والے چلے گئے، معیشت کو ترقی دینے والا نوازشریف واپس آرہا ہے، نوازشریف ہی پاکستان کی معاشی شہ رگ کو محفوظ بناسکتا ہے، پنجاب کی طرح سندھ کو بھی ترقی کا تحفہ دیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سانگھڑ سٹی (سندھ) میں منعقدہ ورکرز کے اجتماع سے وڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب میں مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ، سندھ کے لئے کوآرڈینیٹر بشیر میمن، جام کرم علی ، ملک امتیاز، محمد علی راجپوت ، مقبول جٹ اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی ۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ معیشت تباہ کرنے والے چلے گئے، معیشت کو ترقی دینے والا نوازشریف واپس آرہا ہے.
مہنگائی لانے والے چلے گئے، مہنگائی سے نجات دینے والا نوازشریف واپس آرہا ہے، دہشت گردی واپس لانے والے چلے گئے، دہشت گردی ختم کرنے والا واپس آرہا ہے، لوڈشیڈنگ اور بجلی مہنگی دینے والے چلے گئے، لوڈشیڈنگ ختم اور بجلی سستی کرنے والا نوازشریف واپس آرہا ہے.
پانچ سال آٹا35، چینی 52 اور 65 روپے پٹرول فی لیٹر دینے والا نوازشریف واپس آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف ہی پاکستان کی معاشی شہہ رگ کو محفوظ بناسکتا ہے، نوازشریف نے کراچی اور سندھ سمیت پورے پاکستان کو امن دیا تھا، سندھ سمیت پورے پاکستان کی ترقی کی ضمانت نوازشریف ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ سندھ سمیت پاکستان بھر کے عوام نوازشریف کو ووٹ دیں، امن ترقی اور خوش حالی دیں گے، سندھ کے عوام جمہوریت پسند ہیں، پنجاب کی طرح سندھ کو بھی ترقی کا تحفہ دیں گے۔