بارش برسانے

بارش برسانے والی مغربی ہوا ﺅ ں کا نیا سلسلہ،سندھ، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں پیرسے رم جھم کا امکان

لاہور: ملک کے تین صوبوں سندھ، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں پیر سے رم جھم متوقع، بارش برسانے والی مغربی ہوا ﺅ ں کا نیا سلسلہ ایران سے بلوچستان میں داخل ہو گیا ، سرحدی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش، بولان اور سبی میں بادل خوب برسے، موسلادھار بارش سے بلوچستان کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے،پی ڈی ایم اے بلوچستان نے شمال مشرقی اضلاع کے لیے ہائی الرٹ جاری کرد یا جب کہ مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کر دی ۔

تفصیلات کے مطابق بارش کا نیا سسٹم بلوچستان میں داخل ہو گیا۔ کئی شہروں میں بارش، بولان اور سبی میں صبح سویرے بادل خوب برسے جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق کوئٹہ، مکران اور قلات میں بھی تیز بارش سے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، کراچی ڈویژن، حیدرآباد، سکھر اور لاڑکانہ میں بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پیرکو اسلام آباد، خیبرپختونخوا اور پنجاب میں اکثر مقامات پر بادل برسیں گے، مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈ کا بھی خدشہ ہے۔پرونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے )بلوچستان کے مطابق بارشوں کے نئے سلسلے سے پشین، قلعہ عبداللہ، نوشکی، قلات اور خضدار کے اضلاع کے ندی نالوں میں سیلابی صورتحال ہوسکتی ہے۔پی ڈی ایم اے بلوچستان کی جانب سے صوبے کے شمال مشرقی اضلاع کے لیے ہائی الرٹ جاری کردی ہے جب کہ مسافروں کو آج اور کل غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اتوار کو سب سے کم درجہ حرارت کالام میں منفی سات ریکارڈ کیا گیا، استور میں منفی 06، ہنزہ منفی 03، مالم جبہ منفی 02 اور اسکردو میں منفی 01 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 6، لاہور 10، فیصل آباد، ملتان 11، پشاور 7، کوئٹہ 2 اور کراچی میں 18 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔