پنجاب حکومت

پنجاب حکومت ڈیفڈ کے تعاون سے 16 اضلاع میں سکولوں کے کلاس رومز کی تعمیر سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے گی، حبیب الرحمن گیلانی

لاہور: چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ حبیب الرحمن گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب صوبہ میں اپنے ہیومن ڈویلپمنٹ ایجنڈے ایجوکیشن کے تحت بہتر و معیاری تعلیمی سہولیات کی فراہمی، موثر مینجمنٹ، مانیٹرنگ اور ایویلیوایشن سسٹم کی استعداد کار بڑھانے کے لئے مثبت اقدامات کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ میں غیر ملکی شعبہ برائے بین الاقوامی ترقی ( ڈیفڈ ) کے وفد سے ملاقاتی اجلاس کے دوران کیا۔ اجلاس میں ممبر ایجوکیشن پی اینڈ ڈی بورڈ خالد سلطان سمیت صوبائی سیکرٹری سکول ایجوکیشن، ڈیفڈ وفد کے سینئر نمائندوں اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ نے کہا کہ پنجاب حکومت سکولوں کی تعمیر و بحالی پروگرام کے تحت ڈیفڈ کے تعاون سے صوبے کے 16 اضلاع میں سکولوں کے کلاس رومز کی تعمیر و بحالی سمیت دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے اجلاس کے دوران اس منصوبے پر کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے کے لئے پنجاب کے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور ڈیفڈ کو خصوصی ہدایت دی۔ اجلاس میں محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے بتایا گیا کہ ڈیفڈ نے 1830 کلاس رومز کی تعمیر مکمل کی ہے جبکہ 2800 نئے کلاس رومز آئندہ جلد تعمیر کر لئے جائیں گے۔ مزید برآں 1400 سائنس لیبارٹریوں، 700 لائبریریوں اور 1400 کمپیوٹر لیبارٹریوں کو سکول بچوں کے استعمال کیلئے اپ گریڈ اور بحال کر دیا جائے گا۔