کراچی (لاہورنامہ) نگران وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ 8 فروری 2024کو الیکشن ہوں گے، کسی کو شک و شبہ نہیں ہونا چاہئے.
الیکشن کمیشن کی مالی، انتظامی اور سیکورٹی کی ضروریات کو پورا کریں گے، ہماری کوشش ہوگی وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان رابطے کا کوئی فقدان نہ ہو، الیکشن کے انعقاد کیلئے صوبائی وزرااطلاعات کے ساتھ مل کر حکمت عملی ترتیب دیں گے.
پیپلز پارٹی بھی شکایت کرتی ہے کہ لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مل رہی، اگر کوئی جائز شکایت ہے تو میڈیا، عدالت اور الیکشن کمیشن فورمز ہیں، کسی کو اقتدار میں لانے کا فیصلہ کرنے کا اختیار عوام کا ہے، ہم بہتر حالت میں ملک منتخب حکومت کو دے کر جائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ خیبر پختون خوا اور بلوچستان میں امن و امان کے مسائل ہیں، ملک میں اس سے زیادہ خراب صورتِ حال رہی ہے الیکشن ہوئے ہیں۔مرتضی سولنگی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن اس سے پہلے سردی کی بات کرتے تھے، دسمبر میں بھی انتخابات ہوئے ہیں، فروری سے زیادہ سردی دسمبر میں ہوتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کے قریب خود کو مظلوم ثابت کرنا ہر سیاسی جماعت کی مجبوری بن جاتی ہے، ن لیگ شکایت کرتی ہے کہ ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مل رہی۔وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ پیپلز پارٹی بھی شکایت کرتی ہے کہ لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مل رہی، اگر کوئی جائز شکایت ہے تو میڈیا، عدالت اور الیکشن کمیشن فورمز ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ معیشت کی بنیادیں تب تک ٹھیک نہیں ہوں گی، جب تک مسائل حل نہیں ہوں گے، معیشت ایک دن میں خراب نہیں ہوئی ٹھیک بھی ایک دن میں نہیں ہو گی۔
انہوں نے کہاکہ فواد حسن فواد کی بریفنگ دیکھ لیں معاملات تیزی سے بہتری کی طرف جا رہے ہیں، نج کاری فہرست وہی ہے جو گزشتہ حکومت ہمیں دے کر گئی ہے، ملک میں اچھی چیزیں بھی ہو رہی ہیں اوور بلنگ کی رپورٹ نیپرا نے دی ہے، اوور بلنگ کی رپورٹ نیپرا نے دی تو اس کا مطلب ہے کہ ادارہ کام کر رہا ہے۔
مرتضی سولنگی نے کہا کہ وزیرِ اطلاعات سندھ سے ملاقات ہو گی تو ان سے پوچھوں گا کس نے سرکاری گاڑی واپس نہیں کی، جس طرح لوگوں کا حال ہے، وزرا اور سرکاری اہلکاروں کو خیال کرنا چاہیے۔دوسری جانب سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضی سولنگی نے کہا کہ احمد شاہ کو مبارک باد دینے آیا ہوں، کوشش ہے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان رابطوں کا فقدان نہ ہو، ہم مل کر کام کریں گے اور مشترکہ حکمت عملی اپنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو چلانا منتخب حکومتوں کا کام ہوتا ہے، ہم ملک بہتر حالت میں منتخب حکومت کو دے کر جائیں گے، الیکشن کروانا الیکشن کمیشن کا کام ہے عدالت کا کام نہیں، ہم نے الیکشن انعقاد میں مدد کرنی ہے جو ہم کریں گے۔
مرتضی سولنگی نے کہاکہ نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کراچی میں دلچسپی لیتے ہیں، ماضی میں تو چار سال وزیرِ اعظم رہنے والے ایک رات بھی کراچی میں نہیں گزارتے تھے، نگراں وزیرِ اعظم کراچی میں رات بھی رکتے ہیں اور میڈیا سے بھی بات کرتے ہیں۔
نگراں وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ الیکشن کے مواقعوں پر امن و امان سے متعلق ہمیشہ خدشات رہتے ہیں، ادارے ان خدشات کو سیریس لیتے ہیں اور اس پر کام بھی کرتے ہیں۔