بیجنگ (لاہورنامہ) بیجنگ میں چین، سعودی عرب، ایران سہ فریقی مشترکہ کمیشن کا پہلا اجلاس ختم ہوا۔ سی پی سی سینٹرل کمیٹی کے پولیٹیکل بیورو کے رکن اور مرکزی دفتر برائے امور خارجہ کے ڈائریکٹر وانگ ای نے سعودی عرب اور ایران کے وفود کے سربراہان سے ملاقات کی۔
رواں سال مارچ میں چین کے زیر اہتمام سعودی عرب اور ایران کے درمیان بیجنگ معاہدہ طے پانے کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں حاصل ہونے والے مثبت نتائج کا اجلاس میں ذکر کیا گیا جس میں ریاض اور تہران میں دونوں ممالک کے سفارت خانوں کا دوبارہ کھلنا اور وزرائے خارجہ کے دورے اور ملاقاتیں شامل ہیں ۔
سعودی عرب اور ایران دونوں نے اس سلسلے میں چین کے اہم کردار اور موجودہ اجلاس کی میزبانی کو سراہا ۔
سعودی عرب اور ایران نے بیجنگ معاہدے پر مکمل عمل درآمد کے عزم کا اعادہ کیا۔ چین نے اس بات پر زور دیا کہ وہ تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا اور تعلقات کے استحکام کے لئے سعودی عرب اور ایران کی حمایت جاری رکھے گا ۔ تینوں فریقوں نے مختلف شعبوں میں سہ فریقی تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
تینوں ممالک نے غزہ کی پٹی اور دریائے اردن کے مغربی کنارے کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا جو علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے لئے خطرہ ہے اور غزہ کی پٹی میں فوجی کارروائیوں کو فوری طور پر روکنے ، شہریوں کو امداد فراہم کرنے اور فلسطینیوں کی جبری منتقلی کی مخالفت کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔