ای رجسٹریشن ماڈل سنٹر

محسن نقوی نے پنجاب کے پہلے ای رجسٹریشن ماڈل سنٹر کا افتتاح کر دیا

لاہور (لاہورنامہ) پنجاب میں اراضی کی منتقلی کے لئے ای رجسٹریشن کا ماڈل نظام متعارف کر ادیا گیا، وزیر اعلی محسن نقوی نے ایل ڈی اے پلازہ کشمیر روڈ پر پنجاب کے پہلے ای رجسٹریشن ماڈل سنٹر کا افتتاح کیا۔

ای رجسٹریشن ماڈل سنٹر میں شہریوں کی سہولت کے لئے راوی ٹان،سمن آباد ٹائون اور داتا گنج بخش ٹائون کے سب رجسٹرارز کے دفاتر منتقل کیے گئے۔وزیر اعلی محسن نقوی نے رائیونڈ اور شالیمار میں دو مزید ای رجسٹریشن سنٹرز 31جنوری تک مکمل کرنے کا حکم دیا۔

وزیر اعلی محسن نقوی نے ای رجسٹریشن ماڈل سنٹر کا تفصیلی دورہ کیا اور اراضی منتقلی کے ای نظام کا معائنہ کیا۔انہوں نے شہریوں کی سہولت کے لئے فیس کی آن لائن ادائیگی کا نظام وضع کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے ای رجسٹریشن سنٹر میں بینک آف پنجاب کی برانچ کا بھی دورہ کیا۔

وزیر اعلی محسن نقوی نے سنٹر میں قائم راوی ٹان،سمن آباد ٹائون اور داتا گنج بخش ٹائون کے سب رجسٹرارز کے دفاتر کا معائنہ کیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے اراضی منتقلی کے لئے آئے شہریوں سے گفتگو کی اور ای رجسٹریشن نظام کے بارے میں دریافت کیا۔

وزیر اعلی نے ای رجسٹریشن ماڈل سنٹر میں موجود گڑھی شاہو کے رہائشی سے سوال کیا کہ آپ سے رجسٹری کے پیسے تو نہیں لیے گئے،شہری نے ای رجسٹریشن سسٹم کو سراہتے ہوئے جواب دیا کہ پیسے نہیں لیے گئے اور رجسٹری کا سسٹم بھی اب آسان ہے۔

وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ تینوں ٹائون کی اراضی کی منتقلی کا عمل ایک ہی چھت تلے ای رجسٹریشن سنٹر پر ہوگا۔عوام کو اراضی منتقلی کے لئے دفاتر کے چکر لگانے سے سے نجات ملے گی۔ ای رجسٹریشن سنٹر کے قیام سے اراضی منتقلی کے عمل سے شفافیت آئے گی، کرپشن کا خاتمہ ہوگا۔

پنجاب کے ہر ڈویژنل ہیڈ کوارٹر میں ای رجسٹریشن سنٹرزبنائے جائیں گے۔لاہور میں پہلے ای رجسٹریشن کا افتتاح کر دیا ہے، باقی دو سنٹرز بھی جلد مکمل کریں گے۔

میں چند روز میں رائیونڈ اور شالیمار جاکر سنٹرزپر کام کا جائزہ لوں گا۔ ای رجسٹریشن ماڈل سنٹر پر کم سے کم وقت میں ای رجسٹری کے تمام مراحل کو مکمل ہونگے۔وزیر اعلی محسن نقوی نے ای رجسٹریشن نظام کے اجرا پر سینئرممبر بورڈ آف ریونیو،پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی، انتظامیہ اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔

سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور ڈی جی پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی نے ای رجسٹریشن نظام کے تحت اراضی کی منتقلی کے عمل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیر اعلی محسن نقوی نے لاہور میں پہلے ای رجسٹریشن سنٹر کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب مینول طریقے سے رجسٹری نہیں ہوگی، اب تک 2لاکھ 21ہزار رجسٹریاں ہوچکی ہیں۔ لاہور میں مینول رجسٹری پر پابندی لگا دی گئی ہے، صرف ای رجسٹری ہوگی۔

ای رجسٹریشن سنٹر میں شہریوں کے لئے بہترین سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں ایک ای رجسٹریشن سنٹرکا افتتاح کر دیا ہے جبکہ دومزید ای رجسٹریشن سنٹر شالیمار ٹان اور رائیونڈ میں بنائے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی ہے کہ 31جنوری تک دونوں ای رجسٹریشن سنٹر ز کو مکمل کریں۔

ای رجسٹریشن سنٹر میں بینک آف پنجاب کی سہولت مہیا کی گئی، جلد نادراکی بھی سہولت فراہم کر دیں گے۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ ای رجسٹریشن سنٹر بننے سے ٹیکس چوری ختم ہوگی۔ کچھ عرصہ قبل داتا گنج بخش ٹان رجسٹری آفس کا دورہ کیا تھا، دفتر کی حالت انتہائی خستہ حال تھی، بیٹھنے کی کوئی جگہ نہیں تھی، تب فیصلہ کیا کہ رجسٹریشن آفس کی حالت بہتر کریں گے۔