بچوں میں نمونیہ, ایل جی ایچ ہرآول دستے کے طور پر کردار ادا کرتا رہے گا:پروفیسر الفرید ظفر

بچوں میں نمونیہ، ‌ LGH ہرآول دستے کے طور پر کردار ادا کرتا رہے گا:پروفیسر الفرید

لاہور (لاہورنامہ)‌صوبائی دار الحکومت میں سخت سردی اور آلودگی کے باعث چھوٹے بچوں میں نمونیہ کے کیسز کی وجہ سے لاہور جنرل ہسپتال میں علاج معالجے کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں.

وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کی ہدایت پر پیڈیاٹرک یونٹ کے دو پروفیسر صاحبان پروفیسر ڈاکٹر محمد شاہداور پروفیسر ڈاکٹر فہیم افضل کی سربراہی میں بچوں کا علاج معالجہ احسن طریقے سے جاری ہے۔

اس سلسلے میں پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ بچوں کو نمونیہ سے بچاؤ کی ویکسین بھی دستیاب ہے جو حکومتی پالیسی کے مطابق مفت فراہم کی جا رہی ہے۔

پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ پروفیسر محمد شاہد اور پروفیسر فہیم افضل بچوں اور والدین میں نمونیہ سے متعلق آگاہی کے لئے سوشل میڈیا و دیگر پلیٹ فارم استعمال کریں اور لوگوں میں اس حوالے سے جس قدر ممکن ہو شعور اجاگر کریں۔
پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ ایل جی ایچ عوامی خدمت اور نونہالوں کی صحت کو یقینی بنانے کے لئے ہرآول دستے کے طور پر اپنا کردار ادا کرتا رہے گا اور ہسپتال کے ڈاکٹرز،نرسز اور دیگر سٹاف دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبے اور طب کے پیشے کے وقار اورعزت سربلند کے لئے اپنے فرائض منصبی تندہی کے ساتھ سر انجام دیتے رہیں گے۔

پرنسپل جنرل ہسپتال نے والدین سے کہا کہ وہ چھوٹے بچوں پر نگاہ رکھیں اور سردی سے بچاؤ کے لئے گرم ملبوسات پہنائیں تاکہ انہیں نمونیہ سمیت دیگر بیماریوں سے محفوظ رکھ سکیں۔انہوں نے بتایا کہ اگر کسی بچے میں تیز بخار، سانس لینے میں دشواری پیش آئے تو فوری طور پر مستند معالج اور سرکاری ہسپتال سے رجوع کرے جہاں اُسے طبی سہولیات مفت میسر ہوں گی۔

پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے انتظامی ڈاکٹرز اور ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ کو بھی ہدایت کی کہ وہ ان ایام میں ہسپتال آنے والے تمام افراد کے علاج معالجے پر خصوصی توجہ دیں بالخصوص نونہالوں کو بیماریوں سے محفوظ بنانے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور 24گھنٹے الرٹ رہیں۔