ارفع ٹیچرچیٹ بوٹ

ارفع ٹیچرچیٹ بوٹ” آرٹیفشل انٹیلی جنس کی دنیا میں پہلا قدم ثابت ہو گا، محسن نقوی

لاہور (لاہورنامہ) وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے قوم کی ہونہار بیٹی ارفع کریم کو شاندار انداز میں خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ارفع سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک فیروز پور روڈ کا دورہ کیا اور عظیم قوم کی عظیم بیٹی ارفع کریم سے منسوب ”ارفع ٹیچرچیٹ بوٹ” کا افتتاح کیا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے ارفع کریم کی یاد میں شمعیں روشن کیں۔

وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ارفع کریم ٹیکنالوجی انکیو بیٹرکا دورہ کیا اور ارفع کریم فاؤنڈیشن کی آئی ٹی کے فروغ میں کاوشوں کو سراہا۔ارفع کریم فاؤنڈیشن کی ٹیم کا وزیراعلیٰ محسن نقوی سے تعارف کرایا گیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ ارفع کریم کو خراج عقیدت پیش کرنے کا اس سے بہتر کوئی طریقہ نہیں ہوسکتا۔

ڈیجیٹلائزیشن اور آئی ٹی ایجوکیشن کے ویژن کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کے لئے کوشاں ہیں۔ ارفع ٹیچرچیٹ بوٹ”دنیا بھر میں پاکستان کے مثبت امیج کو ابھارنے اور ساکھ کو بہتر بنانے میں معاون ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کرنے کے لئے استطاعت کے مطابق قابل رسائی بھی ہوگا۔ارفع ٹیچرچیٹ بوٹ”دراصل آرٹیفشل انٹیلی جنس کی دنیا میں پہلے قدم کے مترادف ہے،اس سے بات چیت بھی کی جا سکے گی اور یہ رہنمائی اور آئی ٹی ٹریننگ بھی دے گا۔

وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ ”ارفع ٹیچرچیٹ بوٹ”کا مکمل Version ایک تہلکہ خیز ایجوکیشنل ٹول ہے جو پاکستان کے دور دراز علاقے میں بیٹھے ہر فرد کے لئے ضروری انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مہارتیں مہیا کرے گا۔

ارفع کریم فاؤنڈیشن کا شکر گزار ہوں،خاص طورپر ارفع کریم کے والدین اوراہل خانہ جنہو ں نے ان کی یاد کو مدہم نہیں ہونے دیا بلکہ مزید آگے بڑھتے ہوئے ”ارفع ٹیچرچیٹ بوٹ”کے ذریعے انمول بنا دیا۔

ارفع کریم نے آئی ٹی کے ذریعے ملکی ترقی کاخواب آج سے 12سال پہلے دیکھ لیا تھا اوردنیا میں ترقی کا راز انفارمیشن ٹیکنالوجی ہے جس کا ادراک ارفع کو بہت عرصہ پہلے ہوچکا تھا۔ محسن نقوی نے کہا کہ آج کل آئی ٹی کی ترقی کے لئے حکومتیں بہت زور دیتی ہیں لیکن ارفع کو پہلے ہی معلوم تھا۔

دیکھا جو ہم آج دیکھ رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ارفع کریم ایک جینس بیٹی تھی جسے پاکستان یاد کرتا ہے۔ ہم سب پر فرض ہے کہ کسی نہ کسی طریقے سے ارفع کریم کے خواب کو شرمندہ تعبیر کریں۔ پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کو آئی ٹی سے منسلک کرنا نہایت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ 80او ر90کی دہائی میں بڑے بڑے نامور میڈیا گروپ تھے جن میں سے کئی آئی ٹی کو نہ اپنانے کی وجہ سے بہت پیچھے رہ گئے۔ جب ٹیلی ویژن کادور آیا تو کئی میڈیا گروپس نے اسے نہیں اپنایا،ان کا آج نام بھی کوئی نہیں لیتا۔

آج ڈیجیٹل میڈیا کا دور ہے اگر اسے نہ اپنایا گیا تو میڈیا گروپ بہت پیچھے رہ جائیں گے۔ ڈیجیٹل میڈیا کے دور میں جو میڈیا گروپ ٹی وی تک محدود رہے ان کا ترقی کرنا مشکل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری آئی ٹی ایکسپورٹ اور ہمارے مد مقابل کے آئی ٹی ایکسپورٹ میں زمین آسمان کا فرق ہے اور ارفع کریم نے ہمیں ایک ویژن دیا، جسے ہمیں آگے لیکر بڑھنا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ کابینہ کے ہر اجلاس پر کاغذات کی مد میں 18سے 20لاکھ روپے خرچہ ہوتا تھا،ہم نے کابینہ اجلاس اورسمریز کو ڈیجٹلائز ڈ کردیا۔ کابینہ کے 4اجلا س ہوتے تھے تو ایک کروڑ روپیہ لگ جاتا تھا،سسٹم ڈیجیٹلائزڈ ہونے سے اس رقم کی بچت ہوئی ہے۔

پہلے سمری پر دستخط کروانے کے لئے ڈسپیچ رائیڈر کو 8سے 10افراد کے دفاتر جا کر دستخط کرانا پڑتے تھے سسٹم ڈیجیٹلائز ڈ ہونے سے یہ خرچہ بھی بچ گیا ہے۔ ارفع کریم کی یاد میں جوبھی لوگ یہاں بیٹھے ہیں سب کاشکریہ ادا کرتاہوں۔ جن لوگوں کو ہم فخر سے یاد کرتے ہیں ارفع کریم ان میں سے ایک ہے۔ اللہ تعالیٰ ارفع کریم کے خاندان کو صبر دے۔

اور ہم سب کی اس کے مشن کو آگے بڑھانے میں مدد کرے۔ صوبائی وزیر تعلیم منصور قادر، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ،کمشنر لاہور، ارفع کریم گروپ کے چیئرمین کرنل(ر) امجد کریم رندھاوا، ارفع کریم کی والدہ اور ارفع کریم فاؤنڈیشن کی پوری ٹیم اس موقع پر موجود تھی۔