فیصل آباد(لاہورنامہ )استحکام پاکستان پارٹی کے سینئر نائب صدر و حلقہ این اے 97سے امیدوار ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ انتخابات میں عوام کی بھرپور حمایت سے کامیابی حاصل کر کے ایک لمحہ ضائع کئے بغیر علاقے کی ابتر حالت میں بہتری کے لئے اقدامات کا آغاز کریں گے.
ان شا اللہ عوام کو ہماری اور دہائیوں سے نمائندگی کے دعویداروں کی کارکردگی میں واضح فرق نظر آئے گا ، حلقے کی عوام سے جو وعدے کر رہے ہیں ان پر پہرہ دیں گے اور دعویٰ ہے اس علاقے کی ترقی کے مثبت اثرات اطراف کے علاقوں پر بھی مرتب ہوںگے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے انتخابی مہم کے سلسلہ میں حلقے میں مختلف مقامات پر ڈور ٹو ڈور مہم اور کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان کے صاحبزادے قاسم اختر خان نے بھی اپنے والد کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں مختلف علاقوں کا دورہ کر کے عمائدین ، ووٹرزاور سپورٹرز سے ملاقاتیں کیں۔
ہمایوں اختر خان نے کہاکہ ہم رنگ و نسل اور کسی برادی کی تفریق کے بغیر علاقے کی ترقی پر توجہ مرکوز کریںگے ، معیاری تعلیم ،صحت ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج کے نظام میں بہتری اولین ترجیح ہے ، بڑے ہسپتالوں میں پیچیدہ امراض کے علاج معالجے کی جدید سہولیات کی دستیابی یقینی بنائیں گے تاکہ لوگوں کو دوسرے شہروں کا رخ نہ کرنا پڑے ۔
ہم نے علاقے کی ترقی کے لئے انقلابی منشور پیش کیا اوریہ صرف ہوائی باتیں یا دعوے نہیں ہے ہمارا ماضی گواہ ہے کہ ہم نے کر کے دکھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں نے سیاست کو ذاتی فائدے حاصل کرنے اور پیسہ کمانے کا ذریعہ بنارکھا ہے لیکن ہم اس روایت کو بدلیں گے اور اپنے عمل سے سیاست کے ذریعے عوامی خدمت کر کے دکھائیںگے ۔
انہوں نے کہاکہ میں متعدد بار رکن قومی اسمبلی ، وفاقی وزیر کے عہدے پر رہا ، میرا ماضی بے داغ ہے اور یہی ہمارا فخر ہے ۔انہوںنے کہا کہ کسان اور نوجوان ہماری سب سے پہلی ترجیح ہیں ، ہمارے آنے سے کسانوں کی زندگیوں میں ایک واضح تبدیلی نظر آئے گی ، ہم زراعت میں جدت بھی لائیں گے .
فیئر پرائس شاپس کے قیام سے کسانوں کو معیاری کھاد، بیج اور زرعی ادویات سرکاری نرخوں پر ملیں گی ،ٹیوب ویل سولر پر منتقل ہونے سے ان کی پیداواری لاگت میں کئی گنا کمی ہو گی ، علاقے میں وئیر ہائوسز کے قیام کیلئے ایک لمحے کی تاخیر نہیں ہو گی اور کسان ہمیں دعائیں دیںگے۔
ہمارا دعویٰ ہے علاقے میں آئی ٹی سنٹرز اور موٹر وے ایم تھری کے ساتھ انڈسٹریل زون کے قیام کے منصوبے سے علاقے میںبیروزگاری ختم ہو گی ، ان شا اللہ دوسرے علاقوں سے بھی لوگ روزگار کے لئے یہاں کا رخ کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ خواتین کے لئے بھی کئی منصوبے ہیں، ان کے لئے دستکاری کے ادارے بنائیں گے ،احساس پروگرام اور صحت کارڈ کی مکمل بحالی کے لئے اسمبلی میں آواز بلند کریں گے۔