خدمت انسانیت

اللہ تعالیٰ نے خدمت انسانیت سے بڑا کوئی جذبہ نہیں رکھا: پروفیسر جاوید اکرم

لاہور (لاہورنامہ) لاہو رجنرل ہسپتال سے منسلک امیر الدین میڈیکل کالج میں سیشن 2023-28میں ایم بی بی ایس میں داخلہ لینے والے 100سے زائد نئے طلبا کیلئے وائٹ کوٹ کی پروقار تقریب پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر کی سربراہی میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی نگران وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم تھے۔

سٹوڈنٹس نے وائٹ کوٹ پہن کر پیشے سے وفاداری کا حلف اٹھایا جبکہ سٹوڈنٹس کے والدین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی جو اپنے بچوں کو سفید کوٹ میں دیکھ کر خوشی سے نہال دکھائی دئیے۔

پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر نے طلباء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نئے سفر کا آغاز کر رہے ہیں۔ امید کی جاتی ہے کہ آپ علم و ہنر سے رشتہ جوڑیں گے۔ انہوں نے طلبا پر زور دا کہ وہ اپنے اندر عاجزی، ہمت، ایثار اور صبر جیسی صفات پیدا کریں۔

ہم آپ کی صلاحیتوں کو نکھار کر آپ کو قابل ڈاکٹر ز بنائیں گے تاکہ آپ معاشرے میں جا کر دکھی انسانیت کی خدمت کریں۔ پروفیسر الفرید ظفر نے وائیٹ کوٹ تقریب میں تشریف لانے پر اپنے استاد و وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کا شکریہ ادا کیا۔

آج تمام طلباء و طالبات کی کامیابی پر ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی مخلوق کی خدمت کرنے والے ایک ڈاکٹر کا بڑا مقام ہوتا ہے۔ میں نے زندگی میں پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کو ہمیشہ خدمت انسانیت میں ہی مصروف پایا۔

پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج نے طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ خوش قسمت ہیں کہ آپ کو ایسی فکلٹی میسر آئے گی جو پوسٹ گریجویشن کرنے والے ڈاکٹرز کو تعلیم و تربیت و ریسرچ سے ہمکنار کر رہے ہیں۔پی جی ایم آئی اور امیر الدین میڈیکل کالج کے فارغ التحصیل ڈاکٹرز عالمی سطح پر بھی پاکستان کا نام روشن کئے ہوئے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ انتہائی خوبصورت وائیٹ کوٹ تقریب سجانے پر پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج اور ان کی ٹیم کو شاباش دی اور کہا کہ آج کا دن ہر وائیٹ کوٹ پہننے والے بچے کیلئے بہت اہم ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے کرم سے یہ بچے بہترین کالج امیر الدین میڈیکل کالج میں پڑھ رہے ہیں۔اللہ تعالیٰ نے آپ کو لاکھوں میں سے طب کے شعبہ کیلئے چنا ہے۔ ایک مریض کی دعا آسمان تک جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے دنیا کے پانچ ممالک میں خدمت انسانیت کا موقع فراہم کیا۔

اللہ تعالیٰ نے خدمت انسانیت سے بڑا کوئی جذبہ نہیں رکھا۔آج کے بچے کو ہم ایک تاجر نہیں بلکہ ایک اچھا ڈاکٹر بنانا چاہتے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر کیک بھی کاٹا گیا۔