بیجنگ (لاہورنامہ) رواں سال چین کے دو اہم اجلاسوں کے دوران ، چائنا میڈیا گروپ کے سی جی ٹی این نے موجودہ 68 غیر ملکی زبانوں کی سروسز کی بنیاد پر پنجابی سمیت مزید 12 زبانوں کی سروسز کا اضافہ کیا ہے.
جس کی بدولت اب چائنا میڈیا گروپ 80 غیر ملکی زبانوں کی سروسز کے ساتھ دنیا بھر میں سب سے زیادہ زبانوں کی سروسز کا حامل بین الاقوامی مین اسٹریم میڈیا بن گیا ہے۔
جمعہ کے روز چینی میڈیا کے مطابق زبانوں کی سروسز میں افریقہ کے لئے پانچ، جنوب مشرقی ایشیا اور جنوبی ایشیا کے لئے تین ، مشرق وسطیٰ کے لئے ایک ، لاطینی امریکہ کے لئے ایک اور جنوبی بحرالکاہل علاقے کے لئے دو نئی زبانیں شامل ہیں۔
14 ویں نیشنل پیپلز کانگریس کے دوسرے سیشن کے سفارتی موضوع پر پریس کانفرنس میں سی جی ٹی این کے پنجابی اور دیگر زبانوں میں نئے لانچ کیے گئے سوشل میڈیا پیجز پر تازہ ترین خبریں جاری کی گئیں، جس میں چین کی خارجہ پالیسی اور اہم تجاویز کو افریقہ، ایشیا، جنوبی بحرالکاہل اور دیگر علاقوں میں پہنچایا گیا۔
چین کے دو اجلاسوں سے متعلق خبروں کے علاوہ ، سی جی ٹی این کے نئی زبانوں کے صفحات نے نئے دور میں چین کی سیاحت ، ثقافت ، معیشت اور معاشرتی زندگی کو متعارف کرانے کے لئے "یہ چین ہے” جیسی گرافک رپورٹس بھی شائع کیں .
جس سے عالمی انٹرنیٹ صارفین کو چین کی قدرتی حسن،چینی ثقافتی رسم و رواج سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملا۔ غیر ملکی انٹرنیٹ صارفین نے بھی ان زبانوں کے ہوم پیجز کے افتتاح پر چائنا میڈیا گروپ کو مبارکباد دی ہے۔