لاہورن (لاہورنامہ)ایل جی ایچ ڈاکٹرز کیلئے الگ پارکنگ مخصوص کرنے والا پنجاب کا پہلا ہسپتال بن گیا۔ینگ ڈاکٹرز ایسو سی ایشن ایل جی ایچ /پی آئی این ایس کے عہدیداروں نے پارکنگ مختص کرنے کے سلسلے میں مثبت اقدامات اٹھائے ہیں۔
گزشتہ روز پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے ڈاکٹرز کیلئے مختص Valetپارکنگ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے ہسپتال میں علاج معالجے کا معیار بلند ہو گا اور ڈاکٹرز بھی بغیر کسی تعطل کے اپنی ڈیوٹی پر پہنچ سکیں گے۔
اس موقع پر پرنسپل نواز شریف میڈیکل کالج گجرات پروفیسر ڈاکٹر اجمل فاروق اور صدر ینگ ڈاکٹرز ایسو سی ایشن جنرل ہسپتال /پنجاب انسٹیوٹ آف نیوروسائنسز ڈاکٹر حسیب تھند کابینہ کے ہمراہ موجود تھے جبکہ ینگ ڈاکٹرز کی بڑی تعداد نے اس مختصر اور باوقار تقریب میں شرکت کی۔
پارکنگ کمیٹی کے ممبران ڈاکٹر وحید احمد وٹو،داکٹر علی عمران بٹ،ڈاکٹر وسیم سبحان کاوشوں کوخوب سراہا گیا۔ڈاکٹر حسیب تھند کا کہنا تھا کہ تقریباً 150 گاڑیوں کو باآسانی جگہ مہیا کرنے والی یہ پارکنگ سروس ینگ ڈاکٹرز کیلئے ہے اور پنجاب بھر کے کسی سرکاری سیٹ اپ میں پہلی دفعہ ایسی سروس متعارف کرائی گئی۔
ڈاکٹرز کیلئے اس سہولت کے کسی قسم کے کوئی چارجز نہیں البتہ اس کے حصول کیلئے گاڑیوں پر سٹیکرز لگوانا ضروری ہے جو کہ کسی بھی وقت جنرل ہسپتال کی پارکنگ کمیٹی سے حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ڈاکٹر حسیب تھند نے کہا کہ لاہور جنرل ہسپتال انتہائی مصروف ترین علاج گاہ ہے، جہاں ملک بھر سے مریض علاج کیلئے لائے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں جنرل ہسپتال گیٹ نمبر 2 اور 3 کے درمیانی حصے کو انتھک کوششوں کے نتیجے میں ایمبولینس مافیا سے پاک کروا گیااور دوسرے مرحلے میں آج اس حصے کو ڈاکٹرز کی گاڑیوں کیلئے مختص کرتے ہوئے Valet پارکنگ کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا ہے۔مریضوں اور ہیلتھ پروفیشنلز کی فلاح و بہبود کیلئے مزید کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔