سی پیک اور ایس آئی ایف سی

حکومت سی پیک اور ایس آئی ایف سی کے بروقت نفاذ کو یقینی بنائے، محمد ضمیر

اسلام آباد (لاہورنامہ) چائنا انٹر نیشنل پر یس کمیو نیکیشن سینٹر کے ریسرچ فیلو محمد ضمیر اسدی نے کہاہے کہ حکومت چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) اور خصوصی سہولت سرمایہ کاری کونسل (ایس آئی ایف سی )کے تحت اقدامات کے بروقت نفاذ کو یقینی بنانے کے لئے انتھک محنت کرے گی،پاکستان سی پیک کے اگلے مرحلے میں جانے کا خواہاں ہے جس میں پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کو آسان بنانے کے لئے خصوصی اقتصادی زونز کو فعال کرنا شامل ہے۔

انہوں نے چینی میڈ یا سے گفتگو میں کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو (بی آر آئی) کا عظیم منصوبہ متعلقہ ممالک میں غربت کے خاتمہ، سرمایہ کاری میں اضافہ اورصحت وتعلیم کے فروغ کے حوالہ سے اہمیت کاحامل ہے، عالمگیر معاشروں کو اکٹھا کرنے کیلئے اس سے بہترماڈل نہیں ہوسکتا، صنعتی پارکس اوربرآمدی زونز میں چین کی جدید ٹیکنالوجی اورپاکستان کی سستی لیبر کی مدد سے چینی تاجروں و سرمایہ کاروں کے ساتھ ٹیکسٹائل، سٹیل اوردیگرشعبوں میں مشترکہ منصوبوں سے وابستہ ہیں۔

انہوں نے کہاکہ توانائی کا شعبہ سی پیک میں سب سے زیادہ سرمایہ کاری، تیزی سے ترقی کرنے والے، اور نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے شعبوں میں سے ایک ہے، جو نہ صرف پاکستان کو صاف،مستحکم اور اعلی معیار کی توانائی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ معاشی اور سماجی ترقی فراہم کرتا ہے ،بلکہ پاکستانیوں کے لئے بڑی تعداد میں با صلاحیت افراد کی تربیت اور روز گار کے مواقع بھی پیدا کرتا ہے ۔