اقوام متحدہ (لاہورنامہ) اقوام متحدہ میں چینی زبان کا دن منایا گیا ہے۔ اس موقع پر چائنا میڈیا گروپ کی جانب سے چوتھے ویڈیو فیسٹیول کا انعقاد بھی کیا گیا۔
یہ سرگرمی سی ایم جی، جنیوا میں اقوام متحدہ کے دفتر اور سوئٹزرلینڈ میں دوسری عالمی تنظیموں کے لیے چین کے مستقل مشن کے تعاون سے منعقد ہوئی۔
سی ایم جی کے صدر شن حائی شیونگ نے تقریب سے ویڈیو خطاب کیا۔
جنیوا میں اقوام متحدہ کے دفتر کی ڈائریکٹر جنرل تاتیانا ویروایا ،جنیوا میں اقوام متحدہ کے دفتر اور سوئٹزرلینڈ میں دیگر بین الاقوامی تنظیموں میں چین کے مستقل نمائندے چھن شو نے اس تقریب میں شرکت کی اور خطاب کیا۔
جنیوا میں بیلجیئم، جرمنی، ہالینڈ، برازیل اور عراق سمیت 50 سے زائد ممالک کے نمائندوں اور نوجوان سفارت کاروں اور بین الاقوامی تنظیموں اور اداروں کے عہدیداروں سمیت 300 سے زائد مہمانوں نے تقریب میں شرکت کی۔
اپنے خطاب میں شن حائی شیونگ نے کہا کہ اس سال ویڈیو فیسٹیول کی تھیم "جوانی” ہے اور دنیا بھر میں چینی ثقافت سے محبت کرنے والے دوستوں کے لیے ایک دعوت ہے۔ وہ امید کرتے ہیں کہ اس تقریب کے ذریعے مزید غیرملکی نوجوان چین آئیں گے اور ایک حقیقی، سہ جہتی چین دیکھیں گے۔
تاتیانا ویرووایا نے کہا کہ اس سال کی تقریب کا موضوع اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف کے ساتھ انتہائی مطابقت رکھتا ہے۔ ہم ایک بار پھر چینی زبان اور فن کی دلکشی اور اس سے حاصل ہونے والی طاقت کو محسوس کرتے ہیں۔
2010 میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ ہر سال چین کی شمسی اصطلاح”گو یوئی” کے موقع پر ” اقوام متحدہ میں چینی زبان کا دن” منایا جائے گا۔