لاہور:پاک فضائیہ کی جانب سے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کے کامیاب تجربے پر خراج تحسین پیش کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کر ادی گئی ۔
قرارداد تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی مسرت جمشید جمشید چیمہ کی جانب سے جمع کرائی گئی ۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ مودی سرکار کے جنگی جنون کے نتیجے میں پاکستان اپنے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں کامیاب ہو رہا ہے۔ جس کی مثال پاک فضائیہ کی جانب سے جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیاروں سے طویل فاصلے تک مار کرنے والے ملکی ساختہ میزائل کا کامیاب تجربہ ہے۔ جے ایف تھنڈر 17 لڑاکا طیارے دن اور رات کسی بھی وقت اپنے اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں، یہ تجربہ ملکی دفاع کے تناظر میں عظیم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ۔
کامیاب تجربہ پاکستانی سائنس دانوں اور انجینئرز کی صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے جنہوں نے جے ایف تھنڈر 17 لڑاکا طیارے کو ملکی سطح پر تیار کردہ جدید ترین میزائل ٹیکنالوجی سے لیس کر دیا ہے۔قرارداد کے متن میں کہا گیاہے کہ یہ ایوان ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کے بیان”پاکستان ایک امن پسند ملک ہے لیکن اگر دشمن نے ہم پر جارحیت مسلط کی تو ہم اس کا بھرپور جواب دیں گے“کو بھی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
قرارداد میںپاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے پر پاکستانی قوم کی نمائندگی کرتے ہوئے افواج پاکستان، سائنسدانوں اورانجینئرز کو مبارکباد بھی پیش کی گئی ہے۔