بیجنگ (لاہورنامہ)سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے پولیٹیکل بیورو کی قائمہ کمیٹی کے رکن اور ریاستی کونسل کے نائب وزیر اعظم ڈنگ شوئی سیانگ نے پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحق ڈار سے ملاقات کی۔
بدھ کے روز چینی میڈیا کے مطابق ڈنگ شوئی سیانگ نے کہا کہ چین اور پاکستان سدا بہار سٹریٹیجک پارٹنر اور "آہنی ” بھائی ہیں۔ چین کے صدر شی جن پھنگ نے متعدد مواقع پر پاکستانی رہنماؤں سے ملاقاتیں کی ہیں اور دوطرفہ تعلقات کے لیے اہم اسٹریٹجک رہنمائی فراہم کی ہے۔
چین دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے پر عمل درآمد، اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک مواصلات کو برقرار رکھنے، اعلیٰ معیار کے سی پیک کی تعمیر، ترقی اور سلامتی کو مربوط بنانے، عوامی تعلقات کو گہرا کرنے اور نئے دور میں چین- پاکستان ہم نصیب معاشرے کی تشکیل کو تیز کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے ۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان، چین کے ساتھ تعلقات کی ترقی کو بہت اہمیت دیتا ہے، چین کے بنیادی مفادات اور اہم خدشات کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور چین کے ساتھ ہمہ جہت عملی تعاون کو مضبوط بنانے، دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینے اور پاکستان -چین کے سدا بہار سٹریٹیجک پارٹنر شپ کو مضبوط کرنے کا خواہاں ہے۔