کراچی:ٹیلی وژن کی معروف اداکارہ عائزہ خان نے کہا ہے کہ میں نے جس طرح ہمیشہ اپنی تعلیم کے وقت میں محنت کی ہے، اسی طرح شوبز کی دنیا میں بھی میں نے وقت کی پابندی کا خیال رکھا جو میری کامیابی کا ذریعہ بنی۔
یہ بات انہوں نے نیوپورٹس انسٹیٹیوٹ آف کمیونیکشنز اینڈ اکنامکس میں اپنے اعزاز میں منعقد کردہ ایک تقریب میں طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔۔۔ انہوں نے کہا کہ اسٹوڈنٹس کی اکثریت اپنے آپ کو پہچان نہیں پاتے اور وہ اس بات کا تعین نہیں کر پاتے کہ انہیں کونسا پیشہ اختیار کرنا چاہئے۔ انہوں نے طلبہ و طالبات سے کہا کہ وہ اس بات کا انتظار نہ کریں کہ گریجویٹ کرنے کے بعد وہ ملازمت کریں گے۔
عائزہ خان نے کہا کہ میں نے اپنے دور طالب علمی کے دوران ہی اپنے فنی سفر کا آغاز کردیا تھا۔اور اپنی تعلیم اور کیریئر کو اولین ترجیح دی۔۔۔ جس کی وجہ سے میں اس مقام پر ہوں۔۔۔اورمجھے اس مقام تک پہنچانے میں نیوپورٹس نے کلیدی کردار ادا کیا۔ اور مجھے فخر ہے کہ میں آج اپنی تعلیمی درسگاہ میں اپنے اساتذہ کے ساتھ یہاں موجود ہوں۔
آج کی تقریب میرے لئے باعث اعزاز ہے کہ جس انسٹیٹیوٹ سے میں نے تعلیم حاصل کی ، آج وہاں مجھے مدعو کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ نیوپورٹس سے چھٹی کی درخواست کی منظوری لے کر اپنی شوٹنگ پہ جاتی اور اکثر اوقات کام اور پڑھائی ساتھ ساتھ لے کر چلتی۔ڈرامہ کلب کے ممبر طالبعلموں نے امپرووائزیشن یعنی برجستہ اداکاری کی۔ عائزہ خان کے ساتھ ان کے مشہور ڈراموں کے یادگار ڈائیلاگ بولے جبکہ ئائزہ خان نے انکی تصحیح کی اور انہیں سمجھایا کہ وہ اپنی اداکاری اور ڈائیلاگ ادائیگی پہ کام کریں۔ سوال و جواب کے دوران ایک سوال کے جواب میں عائزہ خان نے کہا کہ ایک اداکار کے لئے صحت مند ہونا ضروری ہے اور اس کے ساتھ ہی اپنا باڈی پاسچر درست رکھنا سیکھنا پڑتا ہے، اس کی مشق کرنا پڑتی ہے جو وقت کے ساتھ ساتھ آجا تا ہے۔ خواتین طلبہ سے عائزہ نے کہا کہ انہیں اپنے اندر محنت اور کام کرنے کا جذبہ اور حوصلہ پیدا کرنا چاہئے۔ شو بز کی دنیا بری نہیں ہے۔
انسان خود اچھا یا برا ہوتا ہے۔ایک طالب علم نے سوال کیا کہ کیا وہ فلموں میں کام کریں گی؟ اس پہ عائزہ خان نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ جب ایسا ہوگا آپ سب کو پتہ چل جائے گا۔ رجسٹرار سلمان جمال نے کہا کہ ہمیں ہمیشہ اپنے ان طالب علموں پہ فخر رہا ہے جو آگے بڑھنے کی لگن رکھتے ہیں۔جس کی ایک مثال عائزہ خان آپ کے سامنے موجود ہے۔اور یہ اپنے وقت کی اچھی طالبہ رہی ہیں۔ہماری خواہش ہے کہ نیوپورٹس کے سارے اسٹوڈنٹس اسی طرح آگے بڑھیں۔تقریب کے اختتام پر کو چیئرپرسن ہما بخاری نے کہا کہ نیوپورٹس نے ہمیشہ اپنے طالب علموں کی صلاحیتوں اورٹیلنٹ کو نہ صرف سراہا ہے بلکہ نیوپورٹس نے انہیں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے لئے پلیٹ فارم بھی فراہم کیا ہے۔
انہوں نےعائزہ خان کی کامیابیوں پہ خوشی کا اظہار کرتے ہوئے طلبہ و طالبات سے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ نیوپورٹس کے تمام اسٹوڈنٹس اسی طرح کامیاب ہوں اور آگے آئیں۔۔۔
نظامت کے فرائض میڈیا اسٹڈیز کوآرڈی نیٹر زنوبیا الیاس نے عائزہ خان کے فنی کیریئر کا مختصر تعارف کرایا اور تقریب کے آخر میں عائزہ خان کو پھول ، شیلڈ ، المنائی فارم پیش کئے گئے جبکہ بی بی اے کی ڈگری سے کو چیئرپرسن ہما بخاری نے عائزہ خان کو نوازا۔