موٹاپا

موٹاپا کئی بیماریوں کی جڑ ہے ، جدید سرجری کے طریقوں سے مستفید ہونا چاہیے‘پروفیسر محمد طیب

لاہور: موٹاپا کم کرنے کےلئے جدید سرجری کی سہولیات اب لاہور جنرل ہسپتال میں بھی میسر ہیں ،اس سلسلے میں نوجوان ڈاکٹرز کی پیشہ وارانہ تربیت و آگاہی کےلئے بدھ کے روز تربیتی ورکشاپ منعقد ہوئی جس میں امریکہ سے پروفیسر محمد فاروق اور ڈاکٹر طاہر یونس نے براہ راست آپریشن کر کے دکھائے ،اس ورکشاپ کے شرکاءکو موٹاپے کے نقصانات ،بچاو اور جدید طریقہ علاج سے روشناس کرایا گیا ۔

پی جی ایم آئی کے پروفیسر آف سرجری ڈاکٹر فاروق افضل نے بتایا کہ گزشتہ2برسوں کے دوران ایل جی ایچ میں 30سے زائد مریضوں کے مفت آپریشن کیے جا چکے ہیں اور اس ورکشاپ سے ڈاکٹروں کی سرجری کی صلاحیت میں مزید نکھار پیدا ہوگا ۔پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر محمد طیب نے اس ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک سے ذاتی اخراجات پر لاہور جنرل ہسپتال میں دور حاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تربیت کی فراہمی خوش آئند امر ہے۔انہوں نے کہا کہ سرجری کے شعبے میں جدید طریقوں سے مستفید ہونا چاہیے ۔پروفیسر محمد طیب نے موٹاپے کو کئی ایک بیماریوں کی جڑ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں شوگر ، امراض قلب ،بلڈ پریشراور جوڑوں کے درد جیسی بیماریاں بھی موٹاپے کے باعث لاحق ہوتی ہیں۔اگر یہی شرح رہی تو2025تک دنیا بھر میں2.7ارب افراد موٹاپے کا شکار ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ نارمل اور صحت مند زندگی گزارنے کےلئے ورزش کو معمول بنانا چاہیے اور فاسٹ فوڈ اور کولڈڈرنک سے اجتناب کرنا ہوگا ۔جنرل ہسپتال میں منعقدہ اس ورکشاپ میںپروفیسر افسر علی بھٹی ،ڈاکٹر آمنہ جاوید ، ڈاکٹر شبیر احمد ، ڈاکٹر محمد عمران کھوکھر ، ڈاکٹر توسیف فاطمہ ،ڈاکٹر کریم اللہ ، ڈاکٹر سعید احمد ، ڈاکٹر اویس امجداورڈاکٹر انور زیب نے اپنی سرجیکل ٹیم کے ہمراہ اس ورکشاپ کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا جبکہ موٹاپے کی سرجری کے ماہر پروفیسرز ابوالفضل خان ،پروفیسر رانا فاروق،ڈاکٹر معاذ،ڈاکٹر امجدسعید ، ڈاکٹر میاں عمر اور ڈاکٹر شہزاد عالم شامل تھے ،پروفیسر فاروق افضل نے کہا کہ موٹاپے کا مریض جدید آپریشن کے ذریعے بہت جلدی وزن کم کر سکتا ہے اور آج کی ورکشاپ اس سلسلے میں انتہائی مددگار ثابت ہوگی ۔