نئے دور کا آغاز

تعمیر و ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ، ترقیاتی فنڈز کی غیر منصفانہ تقسیم کا باب بند کر دیا گیا ‘عثمان بزدار

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ صوبے میں تعمیر و ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز کر دیا گیا ہے، ترقیاتی فنڈز کی غیر منصفانہ تقسیم کا باب بند کر دیا گیا ہے ۔وزیراعلی عثمان بزدار کی زیرصدارت سرکٹ ہاﺅس ملتان میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا ۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہاکہ صوبہ میں تعمیر و ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز کر دیا گیا ہے ،ترقیاتی فنڈز کی غیر منصفانہ تقسیم کا باب بند کر دیا گیا ہے۔وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق پسماندہ علاقوں کی ترقی پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں ،لیہ اور تونسہ شریف کے درمیان زیر تعمیر برج کو شاہراہ کے ذریعے شور کوٹ موٹر وے انٹرچینج سے منسلک کیا جائے گا ،ڈی جی خان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے قیام کی منظوری دے دی گئی ہے ،ڈی جی خان ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ٹرائبل ایریا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا نوٹیفکیشن جلد جاری کر دیا جائے گا۔

عثمان بزدار نے کہا کہ ٹرائبل ایریا کی بارڈر ملٹری پولیس کی استعدادکار بڑھانے اور پولیس ملازمین کو ترقیاں دینے کیلئے ہدایات جاری کردی ہیں ،بارڈر ملٹری پولیس میں 533 خالی آسامیوں پر بھرتی کا فیصلہ کیا گیا ہے،بھرتی کا عمل شفاف طریقے سے مکمل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے ،منصوبوں کا اعلی معیار برقرار رکھا جائے، مظفر گڑھ، ڈیرہ غازی خان شاہراہ کو 31 مارچ تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دیدی ہے ،منصوبے کی تکمیل میں مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی ،سڑکوں کی تعمیر کے دوران ٹریفک کے لئے متبادل انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں سڑکوں کی تعمیر کی وجہ سے شہریوں کی طرف سے ٹریفک مسائل کی شکایات آ رہی ہیں جس کا فوری ازالہ کیا جائے ،ڈی جی خان کے مضافات میں زیر تعمیر سڑکوں کی تعمیر جلد مکمل کی جائے ،تونسہ شریف میں زیر تعمیر سڑکوں کے ساتھ فٹ پاتھ تعمیر کئے جائیں ،پانی کی نکاسی کے لئے ڈرین رکھے جائیں اور سڑکوں کی کارپیٹنگ کی جائے۔انہوں نے سخی سرور سے رونگھن روڈ کو 6 ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کی جبکہ ہیڈ تونسہ بیراج کے ہیڈ نمبر22 سے براستہ ہیرو اور بستی مکول تونسہ شریف تک سڑک کی تعمیر کے منصوبے کی منظوری دیدی ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اس سڑک کی تعمیر سے تونسہ شریف جانے کے لیے فاصلہ کم ، وقت اور ایندھن کی بچت ہوگی ،فورٹ منرو سٹیل برج کا کام 31 مارچ تک مکمل کیا جائے۔ڈی جی خان نادرن بائی پاس پر کام کا جلد آغاز کیا جائے ،ڈی جی خان آفیسر کلب میں کمیونٹی سنٹر تعمیر کیا جائے گا۔وزیراعلی نے ڈیرہ غازی خان ڈویژن کی 75 واٹر سپلائی سکیموں کو بحال کرنے کی منظوری دے دی۔انہوں نے کہا کہ ان سکیموں کو بحال کر کے پبلک ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کیا جائے گا ،ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈیرہ غازی خان کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ جلد مکمل کیا جائے۔

عثمان بزدارنے آئی سی یو وارڈ میں بیڈز کی تعداد بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتالوں میں نرسز کی بھرتی کیلئے واک ان انٹرویو کا طریقہ اختیار کیا جائے ،غازی میڈیکل کالج میں ٹرائبل ایریا کیلئے کوٹہ رکھا جائے۔گزشتہ حکومت نے موبائل ہیلتھ یونٹ کا ماہانہ کنٹریکٹ 30 لاکھ روپے میں کیا تھا جبکہ موجودہ حکومت نے یہ ٹھیکہ صرف تین لاکھ میں دیا ہے۔